محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی ہمہ جہت ترقی اور سرحدی علاقوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک وفد نے، ضلعی صدر گردیپ سنگھ خالصہ کی قیادت میں، مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندرسے ملاقات کی۔وفد میں پارٹی کے سینئر قائدین مہتاب بخاری، رویندر کمار بِٹّا، سنیل شرما، امرت پال سنگھ اور دیگر شامل تھے۔یہ ملاقات ضلع پونچھ سے متعلق اہم ترقیاتی معاملات پر مرکوز رہی۔وفد نے ضلع میں بنیادی سہولیات کی کمی، سرحدی آبادی کو درپیش مشکلات اور جاری منصوبوں کی سست رفتاری پر توجہ دلائی۔ بالخصوص پونچھ میں میڈیکل کالج کے قیام، مغل روڈ کی بروقت تکمیل، اور جموں پونچھ نیشنل ہائی وے کو مضبوط و محفوظ بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔وفد نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے نئے ترقیاتی اقدامات شروع کرنے، نیز سرحدی علاقوں میں انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات بہتر بنانے کا مطالبہ بھی پیش کیا۔ملاقات کے دوران پونچھ کی سیاحتی صلاحیتوں کو اْجاگر کرتے ہوئے، تاریخی و مذہبی ورثے کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا۔اسی تناظر میں وفد نے مرکزی وزیر کو بڈھا امرناتھ کی ایک یادگاری تصویر پیش کی، جس کے ذریعے علاقے کی ثقافتی اور مذہبی اہمیت کو نمایاں کیا گیا۔ سیاحت کے فروغ کے لئے رابطہ سڑکوں، سہولیات، سرحدی سلامتی اور سرحدی دیہات کی معاشی بحالی پر جامع حکمتِ عملی کی ضرورت پر بھی بات ہوئی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وفد کی بات غور سے سنی اور یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے نکات اور مطالبات کا جائزہ لے کر مناسب سطح پر کارروائی کی جائے گی۔ ملاقات کو ضلع پونچھ کی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا۔