عوامی شکایات پر فوری کارروائی، منظور شدہ ڈی پی آر کے مطابق کام جاری رکھنے کی ہدایت
جاوید اقبال
مینڈھر // کشمیر عظمیٰ میں شائع خبر کے بعد محکمہ تعمیراتِ عامہ آر اینڈ بی سب ڈویژن مینڈھر کی ٹیم نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر محمود چودھری کی قیادت میں جاری نکاسی آب (ڈرین) کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ٹیم میں جونیئر انجینئر اور ورک سپروائزر بھی شامل تھے۔معائنے کے دوران تعمیراتی سامان کے معیار، کاریگری، سیدھ، پیمائش اور کام کی رفتار کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ کام منظور شدہ ڈی پی آرڈرائنگز اور انجینئرنگ اسپیسیفکیشنز کے مطابق ہو رہا ہے یا نہیں۔ متعلقہ ٹھیکیدار کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ تعمیراتی معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور ڈھانچے کی مضبوطی، پائیداری اور عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔
ذرائع کے مطابق اتوار کی شام موجودہ نالے پر سلیب ڈالنے کے لئے شٹرنگ کا عمل شروع کیا گیا تھا، جس پر بوپر منڈل مینڈھر کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید کام منظور شدہ تکنیکی خاکوں سے ہٹ کر کیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس صورتحال پر لوگوں نے فوری طور پر محکمہ کی مداخلت کا مطالبہ کیا۔عوامی تحفظات کا نوٹس لیتے ہوئے پی ڈبلیو ڈی سب ڈویژن مینڈھر کی ٹیم اگلے ہی روز موقع پر پہنچی اور کام کا دوبارہ تفصیلی جائزہ لیا۔ ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ منظور شدہ ڈرائنگز سے کسی بھی قسم کا انحراف برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکام نے واضح کیا کہ تمام کام ڈی پی آر کی دفعات اور معیاری انجینئرنگ اصولوں کے عین مطابق ہی مکمل کیا جائے۔افسران نے خبردار کیا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ یا ضابطوں کی خلاف ورزی سامنے آئی تو قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پی ڈبلیو ڈی سب ڈویژن مینڈھر کی بروقت کارروائی کو بوپر منڈل کے عوام نے سراہا اور محکمہ کے شفاف طرزِ عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بیوپار منڈل کے صدر بلرام شرما، لیگل ایڈوائزر رمیش بالی، چیف آرگنائزر جاوید اقبال، مہاجن سبھا کے صدر راجیو گپتا اور دیگر دکاندار بھی موجود تھے۔