عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیر کی علی الصبح وادی کشمیر میں 4.7 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے باعث کئی علاقوںمیں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلہ صبح 5 بجکر 35 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی زمین کے اندر 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز پٹن علاقہ بتایا گیا ہے، جو معروف سیاحتی مقام گلمرگ سے تقریباً 10 کلو میٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 4.6 بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں نظرثانی کے بعد اس کی شدت 4.7 مقرر کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے تقریباً 20 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، جس کے دوران لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ زلزلے کی شدت درمیانی درجے کی تھی، تاہم وادی کشمیر کے حساس جغرافیائی محل وقوع کے باعث اس کے جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں جاری کیے گئے نیشنل سیسمک ہیزرڈ میپ کے مطابق پورا ہمالیائی خطہ، بشمول کشمیر، شدید زلزلہ خیز زون میں شامل ہے، جہاں مستقبل میں بھی زلزلوں کے امکانات موجود رہتے ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کو لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیر میں آنے والے 7.6 شدت کے تباہ کن زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔ادھرانتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ محکموں کی ہدایات پر عمل کریں۔