محتشم احتشام
پونچھ //شہر پونچھ میں جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری اور جامعہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا للبنات کے زیرِ اہتمام تقریبِ تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم اور ختمِ بخاری شریف نہایت عقیدت، روحانیت اور وقار کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ بابرکت تقریب نمازِ عصر کے بعد شروع ہو کر نمازِ عشاء تک جاری رہی، جس میں بڑی تعداد میں علما، معززینِ شہر، اساتذہ، طلباء و طالبات اور والدین و سرپرستان نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت معروف داعی و مبلغ حضرت مولانا منیر حسین قاسمی مدظلہ نے فرمائی، جب کہ مہمانِ خصوصی کے طور پر ریاستِ گجرات کے شہر سورت سے تشریف لائے ممتاز عالمِ دین مفتی عبدالرحیم ناڈا سورتی مدظلہ، شیخ الحدیث دارالعلوم مدنی دارالتربیت کرمالی، انکلیشور (گجرات) نے نہایت جامع، مؤثر اور فکرانگیز خطاب کیا۔اس موقع پر صدرِمہمانِ خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں کے ہاتھوں جامعہ کے چھ خوش نصیب حفاظِ کرام کی دستار بندی عمل میں آئی، جب کہ جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات سے عالمہ، حافظہ اور مومنہ کورس مکمل کرنے والی ستائیس طالبات کی باوقار چادر پوشی کی گئی۔ اس نورانی مجلس میں حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی کے لئے متنوع اور قیمتی انعامات تقسیم کئے گئے، جن میں عمامہ، اسناد (اردو، عربی اور انگریزی)، اٹیچی، ٹی سیٹ، گاؤن، جبہ، صدری، جیکٹ، کپڑا، ضروری سامان اور نقدی چیکس شامل تھے۔اسی تقریب کے دوران جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات کی چار طالبات، جامعہ امام کے ایک استاذ مولانا شکیل احمد قاسمی سلمہ، ایک ملازم محمد اقبال سلمہ، ناظمِ تعمیرات و خزانچی الحاج منیر حسین (ریٹائرڈ رینج آفیسر) اور ٹھیکیدار الحاج محمد فرید قریشی کو مکہ مسجد اور دارالقرآن کے تعمیراتی کام قلیل مدت میں مکمل کرنے پر مہمانانِ کرام کے ہاتھوں عمرہ ٹکٹس سے نوازا گیا، جس پر حاضرینِ محفل نے مسرت اور تحسین کا اظہار کیا۔مہمانِ خصوصی حضرت مفتی عبدالرحیم ناڈا سورتی مدظلہ نے اپنے خطاب میں حاملانِ قرآن کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ قرآنِ کریم کو اپنے سینوں میں محفوظ کرنا عظیم سعادت اور دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے حدیثِ مبارکہ ’تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے‘ کی روشنی میں قرآن، علما، حفاظِ کرام اور مدارسِ عربیہ کی قدر و توقیر پر زور دیا، اور والدین کو تلقین کی کہ وہ اپنی اولاد کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں۔ختمِ بخاری شریف کے موقع پر امام بخاری کی حیات و خدمات، احتیاط فی اخذِ حدیث، تقویٰ و ورع اور عظیم اذکار کی فضیلت بیان کی گئی، ساتھ ہی نوجوان نسل کو منشیات جیسی معاشرتی برائیوں سے دور رہنے کی نصیحت کی گئی۔آخر میں صدرِ کی اہلیہ کے ہاتھوں ستائیس طالبات اور ان کی ماؤں کی چادر پوشی انجام پائی، دعا کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی، جبکہ جامعہ کی جانب سے تمام معاونین اور محبین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا گیا۔