محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے علاقہ شندارہ میں جمعہ کے روز ایک افسوسناک سڑک حادثے میں 45 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔ حادثہ اْس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک نے خاتون کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں اور ہسپتال منتقل کئے جانے کے دوران دم توڑ گئیں۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر تقریباً 2 بجے اْس وقت پیش آیا جب جموں سے پونچھ کی جانب جا رہا ایک نامعلوم تیز رفتار ٹرک سرنکوٹ تحصیل کے شندارہ علاقے میں جموں–پونچھ نیشنل ہائی وے پر پہنچا۔ اسی دوران سڑک عبور کرنے والی خاتون کو ٹرک نے زور دار ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر زخمی خاتون کو علاج کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور مقامی افراد نے حادثات میں اضافے پر تشویش ظاہر کی۔متوفیہ کی شناخت حمیدہ بی زوجہ مرحوم محمد اکبر، عمر تقریباً 45 سال، ساکن شندارہ سرنکوٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ اہلِ خانہ اور مقامی لوگوں نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور نامعلوم ٹرک کی تلاش جاری ہے۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا جو مقررہ نگرانی میں انجام دیا گیا۔ بعد ازاں میت کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ اس طرح کے افسوسناک حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔