سمت بھارگو
راجوری// ضلع راجوری کے سب ڈویژن کوٹرنکہ کے دور افتادہ علاقے بدھل میں حالیہ برفباری کے بعد پیدا ہونے والے بجلی بحران کے دوران مقامی نوجوانوں نے مثالی سماجی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ بجلی (پی ڈی ڈی) کے ساتھ مل کر بجلی بحالی کے کاموں میں عملی تعاون شروع کر دیا ہے۔راجوری ضلع کے دیگر حصوں کی طرح بدھل بھی شدید برفباری سے بری طرح متاثر ہوا، تاہم یہ علاقہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل رہا۔ کئی فٹ برف جمع ہونے کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح مفلوج ہو گئے جبکہ بجلی کا بنیادی ڈھانچہ بھی شدید نقصان سے دوچار ہوا۔ متعدد بجلی کے کھمبے گر گئے، ٹرانسفارمرز خراب ہو گئے اور بجلی کی تاریں ٹوٹ کر زمین پر آ گئیں جس سے کئی دیہات مکمل طور پر تاریکی میں ڈوب گئے۔محکمہ بجلی کی جانب سے اگرچہ بحالی کا بڑا آپریشن شروع کیا گیا ہے، لیکن محدود عملے اور نقصانات کی وسیع نوعیت کے باعث بجلی کی سپلائی بحال کرنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔
ایسے مشکل حالات میں بدھل کے دور دراز دیہات کے مکینوں، خصوصاً نوجوانوں نے خود آگے بڑھ کر محکمہ عملے کا ساتھ دینا شروع کیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق مقامی رضاکار نوجوان برف سے ڈھکے دشوار گزار راستوں پر اپنے کندھوں پر بجلی کے کھمبے اور دیگر بھاری سامان اٹھا کر لے جاتے دکھائی دئیے۔ انہوں نے نہ صرف سامان کی منتقلی میں مدد کی بلکہ مرمتی کاموں کے دوران فیلڈ اسٹاف کے ساتھ عملی طور پر شریک رہے تاکہ کام جلد مکمل ہو سکے۔مقامی نوجوان محمد زید ساگر نے بتایا کہ ان کی کوششوں کا مقصد بجلی بحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے تاکہ ان کے دیہات میں جلد از جلد روشنی واپس آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بجلی بحال کرنا محکمہ کی ذمہ داری ہے، لیکن موجودہ حالات میں عملے کی کمی اور بھاری نقصانات کے باعث تاخیر ہو رہی ہے، اس لئے مقامی آبادی کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ سرکاری عملے کا ساتھ دے۔بدھل میں دیکھے گئے یہ مناظر غیر معمولی قرار دئیے جا رہے ہیں جہاں سخت سردی، برف اور دشوار گزار راستوں کے باوجود نوجوان رضاکار سرکاری عملے کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔ اس عمل نے نہ صرف بحالی کے کاموں کو تقویت دی ہے بلکہ مقامی سطح پر باہمی تعاون، حوصلے اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو بھی اجاگر کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی اجتماعی کوششیں ہی مشکل حالات میں امید کی کرن ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ بجلی بھی آئندہ ایسے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کرے گا تاکہ برفباری جیسے حالات میں نقصانات کم سے کم ہوں اور عوام کو طویل عرصے تک مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بدھل کے نوجوانوں کی یہ کاوشیں علاقے میں ایک مثبت مثال کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں، جو یہ ظاہر کرتی ہیں کہ مشکل وقت میں عوام اور انتظامیہ مل کر بڑے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔