عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کولگام میں ایک 32 سالہ شخص کی مبینہ طور پر دم گھٹنے سے موت واقع ہو گئی ،جب وہ اپنی گاڑی میں ہیٹر آن یاچالو کر کے سو گیا تھا۔یہ واقعہ ضلع اسپتال کولگام کے باہر پیش آیا۔ متوفی نے اسپتال کے قریب اپنی گاڑی پارک کی اور رات کے وقت سردی سے بچنے کیلئے گاڑی میں ہی سو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کی علیل اہلیہ اسپتال میں زیر علاج تھی اور اس نے پارک کی ہوئی اپنی گاڑی میں ہی آرام کرنے کی ٹھان لی اور بند گاڑی میں مسلسل ہیٹر کے استعمال سے مبینہ طور پر دم گھٹنے سے مذکورہ شخص فوت ہو گیا تھا۔اس کی شناخت 32 سالہ معشوق احمد میر ولد محمد یوسف میر ساکنہ کْلپورہ، کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔متوفی کو گاڑی میں بے ہوشی کی حالت میں دیکھ کر اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔ بعد ازاں لاش کو طبی و قانونی کارروائی کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ادھر، پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اس دوران بدھ کو سری نگر کے ہسپتالوں میں2 مرد سیاحوں کو مردہ حالت میں لایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ڈل جھیل کے قریب ایک ہوٹل سے ایک سیاح کو بے ہوشی کی حالت میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر لایا گیا۔
انہوںنے بتایا کہ یہ شخص آدھی رات کے قریب اپنے کمرے کے اندر بے ہوش پایا گیا اور اسے فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت41سالہ ترنجیت سنگھ ولد پشوندر سنگھ ساکن اتر پردیش کے طور پر ہوئی ہے ۔ایک الگ واقعے میں، ایک اور سیاح کو مبینہ طور پر بے ہوش ہونے کے بعد جے وی سی بمنہ سے سکمز صورہ ریفر کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ سیاح سری نگر کے حیدر پورہ علاقے میں ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا۔ صورہ پہنچانے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت راجیش رامچندر مہندراکر ولد رام چندر مہندراکر کے طور پر ہوئی ہے جو مہاراشٹر کا رہنے والا ہے۔ حکام نے بتایا کہ موت کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کیلئے دونوں صورتوں میں طبی قانونی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ادھر سرینگر کے ایچ ایم ٹی علاقے میں سی آر پی ایف کی 44 بٹالین کے ایک ہیڈ کانسٹیبل کی موت شبہہ دل کا دورہ پڑنے سے واقع ہوئی۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایچ ایم ٹی علاقے میں پیش آیا۔ متوفی کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل ہری ناتھ کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ انہوں نے رات کے وقت جسمانی تکلیف کی شکایت کی تھی اور بعد میں اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے۔ ساتھی اہلکاروں نے فوری طور پر سینئر افسران کو اطلاع دی اور ضروری کارروائیاں شروع کی گئیں۔ ابتدائی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ موت کی وجہ اچانک دل کا دورہ ہے، تاہم حکام نے کہا ہے کہ تمام قانونی اور طبی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ کی تصدیق ہو سکے۔