عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر میں سرمائی کھیلوں اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے، جموں و کشمیر سنو شو ایسوسی ایشن، محکمہ سیاحت کشمیر کے تعاون سے، 6 سے 9 فروری 2026 تک سونمرگ میں 10ویں نیشنل سنو شو رننگ چمپئن شپ 2026 کی میزبانی کرنے والی ہے۔سنو شو فیڈریشن آف انڈیانے جموں اور کشمیر کو باضابطہ طور پر میزبانی کے حقوق عطا کیے ہیں، اسی مقام پر پچھلی دو قومی یمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے، سونمرگ کو مقام کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر سنو شو ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے حال ہی میں ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سید قمر سجاد سے ملاقات کی جس کے دوران یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ سونمرگ سنو شو رننگ ایونٹس کے لیے ایک مثالی مقام ہے۔ محکمہ سیاحت نے چمپئن شپ کو سرمائی سیاحت کو فروغ دینے اور سونمرگ کو سرمائی کھیلوں کی ابھرتی ہوئی منزل کے طور پر فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر دیکھتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ سنو شو ایسوسی ایشن کے نائب صدر عارف لائیگرو نے محکمہ سیاحت کا اس کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چمپئن شپ میں مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز میں حصہ لینے والے 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی نمائندگی کرنے والے تقریبا 160-170 کھلاڑیوں کی شرکت ہوگی۔