عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ست شرمانے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے سنجیدگی، تیزی اور جوابدہی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اٹھائے جانے والے ہر حقیقی عوامی مسئلے کو نہ صرف توجہ سے سنا جاتا ہے بلکہ اس پر وقت مقررہ کے اندر عملی پیش رفت بھی یقینی بنائی جاتی ہے۔ست شرما نے 5 دسمبر 2025 کو راجیہ سبھا میں خصوصی تذکرے کے ذریعے پونچھ–بڈھا امرناتھ سڑک کی خستہ حالی کا معاملہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے اس سڑک کو علاقہ کے عوام کے لئے اہم شاہراہ اور یاتریوں کے لئے ایک کلیدی راستہ قرار دیا تھا۔
اس کے جواب میں مرکزی وزیر مملکت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں و کارپوریٹ امور شری ہرش ملہوترا نے تحریری جواب دیتے ہوئے سڑک کی موجودہ صورتحال اور آئندہ ترقیاتی منصوبہ پیش کیا۔تحریری جواب کے مطابق پونچھ سے چنڈک تک تقریباً 7 کلو میٹر کا حصہ نیشنل ہائی وے 144 اے میں شامل ہے، جسے اکھنور–پونچھ روڈ پروجیکٹ کے پیکیج ہشتم کے تحت بی آر او کے ذریعے دو رویہ سڑک بمعہ پختہ شولڈرز میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ منصوبے پر اب تک 64 فیصد جسمانی پیش رفت ہو چکی ہے اور اسے 30 ستمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے۔ وزیر مملکت نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ تعمیراتی مرحلے کے دوران موجودہ سڑک کی مناسب دیکھ بھال کی جا رہی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور روزمرہ سفر کرنے والوں کو سہولت میسر رہے۔جواب میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ چنڈک سے بدھا امرناتھ تک تقریباً 13 کلو میٹر کا حصہ ریاستی سڑک ہے جو جموں و کشمیر کے پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ وزارتِ شاہراہیں نے اس معاملے کو باضابطہ طور پر یو ٹی حکومت کو بھیج دیا ہے اور مشورہ دیا ہے کہ یا تو اسے اپنے وسائل سے مکمل کیا جائے یا سی آر آئی ایف کی ترجیحی اسکیموں میں شامل کیا جائے۔ست شرما نے اس فوری، شفاف اور حل پر مبنی جواب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ مودی حکومت کی عوامی فلاح و بہبود سے گہری وابستگی کا ثبوت ہے، خصوصاً سرحدی اور دور دراز علاقوں جیسے پونچھ میں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ نوجوانوں، طلبہ، مریضوں، بزرگوں اور مقامی آبادی کی آمدورفت کو محفوظ اور آسان بنائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سڑک کی بہتری سے بڈھا امرناتھ جی یاترا پر آنے والے ہزاروں یاتریوں کو بھی بڑا فائدہ ہوگا، جبکہ مقامی تاجر، مزدور اور روزانہ سفر کرنے والے افراد بھی اس اہم شاہراہ سے مستفید ہوں گے۔ست شرما نے متعلقہ ایجنسیوں پر زور دیا کہ پونچھ سے چندک تک قومی شاہراہ والے حصے پر کام تیز کیا جائے اور ساتھ ہی پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) چنڈک–بڈھا امرناتھ حصے پر بھی فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔انہوں نے اعادہ کیا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت عمل، جوابدہی اور باہمی تال میل پر یقین رکھتی ہے اور سرحدی و دور افتادہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کے ذریعے عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔