عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر حکومت نے ضلع ترقیاتی کونسلوںکے چیف ایگزیکٹو افسروں کو مطلع کیا ہے کہ کونسلوں کی مدتِ کار 24فروری 2026کو ختم ہو جائے گی۔دیہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ کی جانب سے چیف ایگزیکٹو افسروںکو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متعلقہ چیئرمین اور اراکین کو ان کی مدت کے اختتام کے بارے میں آگاہ کریں۔محکمہ کے خط میں کہا گیا’’محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور کی رائے کے مطابق اور جموں و کشمیر پنچایتی راج رولز،1996کے رول 108زیڈ پی کے ذیلی رول 2اور3کے متعلقہ دفعات کی روشنی میںضلع ترقیاتی کونسلوںکی مدت نوٹیفیکیشن جاری ہونے کی تاریخ (25فروری 2021) سے شروع ہوتی ہے۔ لہٰذا، کونسل 24فروری 2026سے ختم ہو جائیں گے‘‘۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ضلع ترقیاتی کونسل کا سربراہ ہوتا ہے۔ ضلع ترقیاتی کونسلوںکے دورِ کار کے اختتام کے بعد جموں و کشمیر میں پنچایتی راج کے تمام تین درجے ( پنچایتیوں،بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوںاور ضلع ترقیاتی کونسل ختم ہو جائیں گے۔ پہلے دو درجوں کی مدت پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے۔ ضلع ترقیاتی کونسلوںکا ادارہ وزارت داخلہ کی جانب سے جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ۔1989میں ترمیم کے ذریعے قائم کیا گیا، جس میں جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019 کے تحت اختیارات استعمال کیے گئے۔ہر ضلع ترقیاتی کونسل میں 14 منتخب اراکین شامل ہوتے ہیں، اور چونکہ جموں و کشمیر میں 20اضلاع ہیں، اس لیے منتخب ضلع ترقیاتی کونسل اراکین کی کل تعداد 280بنتی ہے۔پہلی ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات نومبر۔دسمبر 2020میں منعقد ہوئے تھےجس میں پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن نے 110نشستیں جیتی تھیں، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی سب سے بڑی جماعت کے طور پر 75نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔