عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے برفباری کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کل ضلع بڈگام کا تفصیلی دورہ کیا اور سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی بڈگام کے دفتر میں برف صاف کرنے کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اَفرادی قوت اور مشینری کی فوری تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور برف ہٹانے والے آلات کے مؤثر اور منصفانہ اِستعمال پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ سڑکوں کو بروقت کھولا جا سکے اور رابطہ بحال ہو۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ تمام دستیاب مشینری کو مرکزی سڑکوں کے ساتھ ساتھ اندرونی رابطہ سڑکوں سے بھی برف ہٹانے کے لئے اِستعمال میں لایا جائے تاکہ لوگوں کی پریشانی کے بغیر آواجاہی کو آسان بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے خان صاحب، بیروہ، چاڈورہ، چرارِ شریف اور بڈگام کے علاقوں میں جاری برف ہٹانے کی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔بعد میں اُنہوں نے آغا سیّد یوسف میموریل ضلع ہسپتال بڈگام کا معائینہ کیا اور مریضوں کے لئے صحت سہولیات اور ضروری اَدویات کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام متاثرہ خدمات کو ایمرجنسی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔اُنہوں نے چاڈورہ میں حال ہی میں تباہ شدہ پُل کا بھی معائینہ کیا اور متعلقہ حکام کو اس کی جلدبحالی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ چاڈورہ علاقے میں نالہ دودھ گنگا کے اندر یا اس کے قریب کسی بھی اہم عوامی منصوبے کے نزدیک ہر قسم کی کان کنی کی سرگرمیوں پر سخت پابندی عائد کی جائے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے چرارِ شریف میں عظیم صوفی بزرگ حضرت شیخ نورالدین نورانی ؒکی زیارت گاہ پر حاضری دِی جہاں اُنہوں نے گلہائے عقیدت پیش کیا اور مقامی وفود اور بقعہ عالیہ اِنتظامیہ سے بات چیت کی جنہوں نے اُنہیں مختلف مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔