یو این آئی
ملبورن/عالمی نمبر ون اور دفاعی چیمپئن آریانا سبالینکا نے آسٹریلین اوپن 2026 میں اپنی برتری ایک بار پھر ثابت کر دی۔ بیلاروس کی اسٹار ٹینس کھلاڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ بیلاروس کی عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اور ٹاپ سیڈ آریانا سبالینکا نے 18 سالہ امریکی حریف ایوا جووِچ کو کوارٹر فائنل میں اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر آسٹریلین اوپن ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ 114ویں آسٹریلین اوپن کے ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں 27 سالہ سبالینکا نے جارحانہ اور بااعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے نوجوان امریکی کھلاڑی کو 3-6 اور 0-6 سے مات دی۔ یہ مقابلہ منگل کو ملبورن میں کھیلا گیا۔میچ شدید گرمی میں ہوا جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا تھا، جبکہ روڈ لیور ایرینا کی چھت کھلی رہی۔ سبالینکا نے ابتدا ہی سے میچ پر کنٹرول سنبھال لیا اور پہلے سیٹ میں 0-3 کی سبقت حاصل کی۔ اگرچہ ایوا جووِچ نے نویں گیم میں تین بریک پوائنٹس حاصل کر کے مزاحمت کی، تاہم وہ میچ کا رخ تبدیل نہ کر سکیں۔دوسرے سیٹ میں سبالینکا نے مکمل غلبہ برقرار رکھا اور بغیر کوئی گیم ہارے کامیابی اپنے نام کر لی۔ میچ کے بعد سبالینکا نے کہا کہ اسکور لائن کے باوجود مقابلہ آسان نہیں تھا اور نوجوان کھلاڑیوں نے انہیں ٹورنامنٹ میں سخت چیلنج دیا ہے ۔واضح رہے کہ آریانا سبالینکا 2023 اور 2024 میں آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیت چکی ہیں اور اب مسلسل تیسری بار فائنل میں پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سیمی فائنل میں ان کا سامنا کوکو گاف اور ایلینا سویٹولینا کے درمیان ہونے والے مقابلے کی فاتح کھلاڑی سے ہوگا۔