عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ملک بھر میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں جے اینڈ کے بینک نے اپنی تمام شاخوں اور دفاتر میں 77واں یومِ جمہوریہ نہایت جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا۔مرکزی تقریب بینک کے جموں ڈویژنل آفس میں منعقد ہوئی، جہاں بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر امیتاوا چٹرجی نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھیر گپتا، چیف جنرل منیجر سنت کمار، جنرل منیجرز، ڈی جی ایمز، سینئر افسران اور بڑی تعداد میں بینک کے ملازمین موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی و سی ای او امیتاوا چٹرجی نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ہمیں ان آئینی اقدار کی یاد دہانی کراتا ہے جو بھارت کو ترقی، خوشحالی اور خود کفالت کی راہ پر گامزن کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی خود انحصاری نہ صرف ایک قومی ضرورت ہے بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری بھی ہے، جس کی بنیاد عوام، پیداوار اور مقصد پر ہے۔انہوں نے جے اینڈ کے بینک کی تاریخی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بینک اپنے قیام سے ہی جموں و کشمیر کی سماجی و معاشی ترقی میں ایک فعال شراکت دار کے طور پر خدمات انجام دیتا آ رہا ہے۔ ان کے مطابق بینک کی ترقی کا سفر عوامی امنگوں، شمولیتی ترقی اور مقامی وسائل کے مثر استعمال سے جڑا ہوا ہے۔ایم ڈی و سی ای او نے یو ٹی حکومت کے فلیگ شپ پروگرام مشن یووا میں بینک کے فعال کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جے اینڈ کے بینک نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دے کر روزگار کے متلاشی افراد کو روزگار فراہم کرنے والے افراد میں تبدیل کر رہا ہے، جو معاشی خود انحصاری کی سمت ایک اہم قدم ہے۔یومِ جمہوریہ کے موقع پر بینک کی جانب سے محکمہ صحت اور امید فانڈیشن کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن اور ہیلتھ اسکریننگ کیمپ بھی منعقد کیا گیا، جس میں بینک کے ملازمین نے بڑی تعداد میں رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا۔ اس موقع پر 100 سے زائد افراد کے طبی معائنے کیے گئے، خاص طور پر دل کی صحت پر خصوصی توجہ دی گئی۔امیتابھا چٹرجی نے کہا کہ اس طرح کے سماجی اقدامات موجودہ دور میں بے حد اہم ہیں، جو صحت سے متعلق آگاہی، احتیاطی طبی تدابیر اور معاشرتی فلاح کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بینک اپنی سی ایس آر سرگرمیوں کے تحت مستقبل میں بھی ایسے صحت اور فلاحی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کرے گا۔دریں اثنا، سری نگر میں بینک کے کارپوریٹ ہیڈکوارٹر میں چیف جنرل منیجر امتیاز احمد بھٹ نے قومی پرچم لہرایا۔ اسی طرح بینک کے تمام ڈویژنل اور زونل دفاتر میں بھی یومِ جمہوریہ کی تقریبات منعقد کی گئیں۔تقریبات کا اختتام اس اجتماعی عہد کے ساتھ ہوا کہ جے اینڈ کے بینک ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے عوامی خدمت کو مزید خلوص، عزم اور لگن کے ساتھ جاری رکھے گا۔