سمت بھارگو
راجوری//سرحدی ضلع پونچھ کی زمینی رابطہ کاری دوسرے روز جزوی طور پر بحال کر دی گئی، جو شدید برف باری کے باعث جمعہ کی صبح سے جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں سے مکمل طور پر کٹ گیا تھا۔ علاقے میں بھاری برف باری کے نتیجے میں ضلع کو جوڑنے والی تمام اہم سڑکیں بند ہو گئی تھیں، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔جمعہ کی علی الصبح پونچھ ضلع اس وقت مکمل طور پر الگ تھلگ ہو گیا جب یونین ٹیریٹری کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی چھ اہم سڑکیں شدید برف باری کی وجہ سے بند ہو گئیں۔ یہ صورتحال ہفتہ کے روز بھی برقرار رہی اور ضلع دیر شام تک زمینی رابطے سے محروم رہا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حکام کے مطابق بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کی ٹیموں نے بھرپور کوششوں کے بعد جموں۔راجوری۔پونچھ قومی شاہراہ کو جزوی طور پر بحال کر دیا۔ بھمبر گلی سے جڑانو الی گلی تک بھٹا دھوریان کے راستے یکطرفہ ٹریفک کی اجازت دی گئی، جس سے پونچھ کے لئے زمینی رابطہ کسی حد تک دوبارہ قائم ہو سکا۔ یہ قومی شاہراہ جمعہ کی صبح سے بند پڑی تھی۔بی آر او کی جانب سے جارحانہ بنیادوں پر برف ہٹانے کی کارروائی انجام دی گئی، جس کے نتیجے میں سنگل لین ٹریفک بحال کرنا ممکن ہوا۔
اس اقدام سے نہ صرف مسافروں بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں بھی بڑی حد تک سہولت پیدا ہوئی، جس کا ضلع کو شدت سے انتظار تھا۔بعد ازاں شام کے وقت ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن کے لئے بھی جزوی طور پر سڑک رابطہ بحال کر دیا گیا۔ تاہم حکام نے واضح کیا کہ مکمل بحالی میں ابھی وقت لگ سکتا ہے۔بی آر او حکام نے بتایا کہ بھمبر گلی سے جڑانو الی گلی تک، خصوصاً طوٹا گلی اور بھاٹہ دھوڑیاں کے علاقوں میں برف کی بھاری تہیں جمی ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی ایک نہایت مشکل اور چیلنجنگ کام تھا۔ اس کے باوجود عملہ اور مشینری دن رات کام کرتی رہی تاکہ سرحدی ضلع کو دوبارہ جوڑا جا سکے۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر عمران رشید کٹاریہ نے کہا کہ قومی شاہراہ کی بحالی نہایت ہنگامی نوعیت کی تھی کیونکہ پورے ضلع کی زمینی رابطہ کاری اور ضروری اشیائے رسد کی فراہمی اسی سڑک پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کو بیرونی علاقوں سے جوڑنے والی بیشتر سڑکیں اب بھی بند ہیں اور ان کی بحالی میں مزید ایک دو دن لگ سکتے ہیں، اس لئے قومی شاہراہ کی جزوی بحالی انتہائی ضروری تھی۔ایس ڈی ایم نے مزید بتایا کہ سول انتظامیہ، پولیس اور فوج کی ٹیموں نے مقامی لوگوں کے تعاون سے بھمبر گلی کے علاقے میں رات بھر ڈیرے ڈالے اور پھنسے ہوئے مسافروں کی منتقلی کو یقینی بنایا۔ کئی مسافروں کو مقامی خاندانوں کے گھروں میں پناہ دی گئی تاکہ شدید سردی میں کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔دوسری جانب حکام نے بتایا کہ پونچھ ضلع کے منڈی، سوجیاں، لورن اور سرنکوٹ سمیت کئی علاقوں میں سڑکیں اب بھی بند ہیں۔ ان راستوں پر بھی برف ہٹانے کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں حالات مزید بہتر ہو جائیں گے۔