عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//یومِ جمہوریہ کی تقریبات کو پرامن، محفوظ اور خوش اسلوبی سے منعقد کرنے کیلئے وادی کشمیر بھر میں کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس (کشمیر زون) وی کے بردی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس، اس کی سیکورٹی ونگ اور نیم فوجی دستوں نے مل کر پوری وادی میں سیکورٹی گرڈ کو مزید سخت کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی وی کے بردی نے بتایا کہ یومِ جمہوریہ کی اہم تقریبات کشمیر کے تمام اضلاع میں منعقد ہوں گی، جہاں ضلعی سطح پر مقررہ مہمانانِ خصوصی سلامی لیں گے اور قومی پرچم لہرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر میں مرکزی تقریب بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں پولیس اہلکاروں، اسکولی طلبہ، سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔آئی جی پی نے واضح کیا کہ سیکورٹی انتظامات صرف سری نگر تک محدود نہیں بلکہ جنوبی، شمالی اور وسطی کشمیر کے تمام اضلاع میں بھی مؤثر اور جامع حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، اہم تنصیبات کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے جبکہ گشت اور ناکہ بندی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی فورسز ہر سطح پر مکمل طور پر مستعد ہیں اور زمینی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ یومِ جمہوریہ کی تقریبات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوں اور عوام بلا خوف و خطر شرکت کر سکیں۔اس سے قبل آج صبح آئی جی پی وی کے بردی نے سری نگر میں بلیدان اسٹمبھ (یادگارِ شہداء) پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں نے بھی شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ ایسی تقاریب نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنے کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی، نظم و ضبط اور قومی ذمہ داری کا شعور بھی اجاگر کرتی ہیں۔پولیس سربراہ نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، افواہوں سے گریز کریں اور یومِ جمہوریہ کی تقریبات کو پرامن اور باوقار بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔