عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کل سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں صحافیوں کی عزت و وقار کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سینئر صحافیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، جبکہ منتخب حکومت اور عمر عبداللہ اس پر خاموش ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ عوام کو توقع تھی کہ منتخب حکومت عوامی مسائل، خصوصاً صحافیوں کے مسائل کو اجاگر کرے گی، لیکن حکومت نے خاموشی اختیار کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کے بیانیے کو آگے بڑھانے والے صحافیوں کو نوازا جا رہا ہے، جبکہ اشتہارات اور ایکریڈیشن صرف ان اداروں کو دیے جا رہے ہیں جو سرکاری لائن پر چلتے ہیں۔ انہوں نے اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحافیوں کے لیے پریس کلب فراہم کیا تھا، لیکن اب وہ جیل جیسا محسوس ہوتا ہے۔ محبوبہ نے مزید کہا کہ مسجد پروفائلنگ سے متعلق رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو پولیس سٹیشنوں میں طلب کیا جا رہا ہے، جس سے میڈیا برادری میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ عمر عبداللہ نے حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی لیکن صحافیوں اور مسجد پروفائلنگ کے مسائل نہیں اٹھائے۔
انہوں نے اسے افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ صحافیوں کے اخبارات بھی تین دن تک خاموش رہے۔ محبوبہ مفتی نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کی بے بسی کو مدنظر رکھیں اور ان کو بار بار طلب کرنے کا سلسلہ بند کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافی معاشرے کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان کی عزت و وقار کا تحفظ ضروری ہے۔ اس دوران پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کل ضلع سری نگر کے قائدین کی ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی جس میں پارٹی کی تنظیمی تیاریوں اور جاری سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے دوران محبوبہ مفتی نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ نچلی سطح پر عوامی رسائی کو تیز کریں اور لوگوں سے براہ راست رابطہ مضبوط کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ PDP کو وارڈ اور محلہ کی سطح پر مسلسل مصروفیت کے ذریعے عوامی امنگوں اور مسائل سے قریبی جڑے رہنا چاہیے۔پی ڈی پی لیڈروں محمد خورشید عالم ،آسیہ نقاش اور عارف لائئگرو نے کہا کہ نچلی سطح پر مصروفیت پارٹی کی سیاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم لوگوں کی شکایات سننے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کے لیے سری نگر میں گھر گھر پہنچ کو تیز کریں گے۔”محبوبہ مفتی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پی ڈی پی کی سیاست کی جڑیں عوامی خدمت، جوابدہی، اور عوام پر مبنی طرز حکمرانی میں پیوست ہیں، اور پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ ضلع سری نگر میں پارٹی کی تنظیمی بنیاد کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اتحاد اور لگن کے ساتھ کام کریں۔