سمت بھارگو +رمیش کیسر
راجوری//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے کہا ہے کہ جے اینڈ کے حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور بالخصوص سرحدی اور دور دراز علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی وہی سہولیات میسر ہوں جو دیگر علاقوں کے شہریوں کو حاصل ہیں۔نوشہرہ میں ایک مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ، جو خود نوشہرہ اسمبلی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں، نے علاقے میں بنیادی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نوشہرہ اور اس کے مضافاتی علاقوں کے عوام کی ہنگامی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک جدید کریٹیکل کیئر ایمبولینس فراہم کی گئی ہے۔سریندر چوہدری نے بتایا کہ یہ ایمبولینس جدید طبی آلات اور زندگی بچانے والی مشینری سے لیس ہے، جبکہ اس میں ایک ڈاکٹر کی موجودگی بھی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرحدی خطے کے لئے مجموعی طور پر دو ایسی ایمبولینسوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے ایک ایمبولینس آج علاقے کے لئے وقف کی گئی ہے، جبکہ دوسری جلد فراہم کی جائے گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’کریٹیکل کیئر ایمبولینس کی دستیابی سے سرحدی علاقوں میں ہنگامی صحت خدمات میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کے ایک دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہوگی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ صحت کے شعبے میں کسی قسم کی کمی نہ رہے۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) نوشہرہ کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے اور یہ طبی ادارہ بہت جلد عوام کے لئے فعال کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی تکمیل سے علاقے کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو زبردست تقویت ملے گی اور مقامی لوگوں کو بہتر طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے حکومت کے جامع اور ہمہ گیر ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی اسمبلی حلقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات میں موجود خلا کو پْر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے لوگ بھی سرکاری فلاحی اسکیموں اور ترقیاتی اقدامات سے یکساں طور پر مستفید ہوں۔