یواین آئی
ملبورن/ ٹینس کی دنیا کے عظیم کھلاڑی نوواک جوکووچ اور سیکنڈ سیڈ اٹلی کے جانک سنر نے اپنے اپنے میچز جیت کر آسٹریلین اوپن 2026 کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے ۔ روڈ لیور ایرینا میں کھیلے گئے یکطرفہ مقابلے میں سربیا کے نوواک جوکووچ نے اٹلی کے فرانسسکو ماسٹریلی کو اسٹریٹ سیٹوں میں 6-3، 6-2، 6-2 سے شکست دی۔ جوکووچ نے میچ کے آغاز سے ہی حریف کھلاڑی پر دباؤ بنائے رکھا۔ اپنی جیت کے بعد جوکووچ نے کہا کہ وہ کسی بھی حریف کو کم نہیں سمجھتے ، ماسٹریلی کے پاس بہترین سروس ہے اور وہ مستقبل میں رینکنگ میں اوپر آ سکتے ہیں۔ تیسرے راؤنڈ میں جوکووچ کا مقابلہ نیدرلینڈز کے باٹک وین ڈی زینڈشلپ سے ہوگا۔ دوسری جانب اٹلی کے جانک سنر نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے جیمز ڈک ورتھ کو 6-1، 6-4، 6-2 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ سوئٹزرلینڈ کے تجربہ کار کھلاڑی اسٹین واورینکا نے اپنے الوداعی سیزن کو یادگار بنا دیا۔ 40 سالہ واورینکا نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں فرانسیسی کوالیفائر آرتھر گیا کو چار گھنٹے اور 33 منٹ طویل میچ میں 4-6، 6-3، 3-6، 7-5، 7-6 سے شکست دی۔ واورینکا 1978 کے بعد آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچنے والے معمر ترین مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اوپن ایرا میں سب سے زیادہ (58) پانچ سیٹوں والے میچز کھیلنے کا ریکارڈ بھی اب واورینکا کے پاس ہے ۔ اگلے مرحلے میں ان کا مقابلہ نویں سیڈ ٹیلر فرٹز سے ہوگا۔دیگر مقابلوں میں ٹیلر فرٹز نے وٹ کوپریوا کو 6-1، 6-4، 7-6 سے ہرا کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ چین کے کوالیفائر وو یبنگ کا سفر ختم ہو گیا، انہیں امریکہ کے ایلیٹ سپزیری نے پانچ سیٹوں کے سخت مقابلے کے بعد 6-2، 6-4، 6-7، 4-6، 6-3 سے شکست دی۔ ی