سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے گاؤں چنانی بگلہ میں منگل کی علی الصبح آوارہ کتے کے حملے میں ایک ڈیڑھ سالہ معصوم بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلِ خانہ مختصر وقت کیلئے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے اور اسی دوران ایک آوارہ کتا گھر کے اندر داخل ہو گیا۔اہلِ خانہ کے مطابق معصوم بچہ بستر پر سو رہا تھا کہ اچانک آوارہ کتے نے اس پر حملہ کر دیا۔ بچے کے چیخنے کی آواز سن کر گھر میں افرا تفری مچ گئی، جس کے بعد اہلِ خانہ فوراً اندر پہنچے اور بڑی مشکل سے بچے کو کتے کے چنگل سے چھڑایا۔ حملے کے دوران بچے کو جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں، جس سے پورے خاندان میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زخمی بچے کی شناخت بٹو شرما کے بیٹے اور اندر پرکاش کے پوتے کے طور پر کی گئی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد اہلِ خانہ نے بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال، راجوری منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیرِ علاج ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بچے کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے تاہم اسے مسلسل طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ گاؤں کے باشندوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث خاص طور پر چھوٹے بچوں اور بزرگوں کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی آس پاس کے علاقوں میں آوارہ کتوں کے حملوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں، لیکن مؤثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے یہ مسئلہ دن بہ دن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔زخمی بچے کے اہلِ خانہ نے ضلع انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں سے پرزور اپیل کی ہے کہ آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانے کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آوارہ کتوں کو پکڑنے، ویکسی نیشن اور آبادی پر قابو پانے کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے دلخراش واقعات کو روکا جا سکے۔دریں اثنا، اہلِ علاقہ نے بھی والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے چھوٹے بچوں کی حفاظت کے لئے خاص احتیاط برتیں، خصوصاً علی الصبح اور رات کے اوقات میں، جب آوارہ کتے زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ایسے واقعات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کا خمیازہ معصوم جانوں کو بھگتنا پڑے گا۔