عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر حکومت نے تمام محکموں، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگزاور تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 25 جنوری 2026 کو قومی ووٹرز ڈے منائیں، جس کا موضوع “میرا ہندوستان، میرا ووٹ” ہے۔محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ووٹر کی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے سکولوں اور کالجوں میں مباحثے، اور مقابلے بشمول ڈرائنگ، پینٹنگ، مضمون نویسی اور ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مشورہ دیا ہے کہ پروگرام صبح 11 بجے یا دن کے کسی بھی مناسب وقت پر منعقد کیے جائیں، جب کہ جن علاقوں میں 24 اور 25 جنوری کو تعطیلات ہیں، وہاں 23 جنوری کو جشن منایا جا سکتا ہے۔افسران اور اہلکار قومی یوم رائے دہندگان کے عہد کا انتظام بھی کریں گے، اور تقریبات کی تصاویر NVD2026 ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی جائیں گی۔دریں اثنا، انتظامی سیکرٹریوں، ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہدایات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بامعنی تقریبات کو یقینی بنائیں۔