نلین پربھات کا قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں پر صفر رواداری پر زور
راجا ارشاد احمد
گاندربل //ضلع گاندربل میں ملک دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ ملک کے ساتھ ساتھ گاندربل میں امن امان کی فضا قائم رہے۔ ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نے گاندربل میں اجلاس کے دوران کیا۔جموں کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات کی صدارت میں ڈسٹرکٹ پولیس دفتر گاندربل میں جامع سکیورٹی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا تاکہ ضلع کی موجودہ حفاظتی صورتحال اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔ڈائریکٹر جنرل پولیس نے امن امان کے انتظام، انسدادملی ٹینسی کارروائی، یوم جمہوریہ 2026 کے لئے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔نلین پربھات نے پرامن اور کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے پاک تقریبات کو یقینی بنانے کے لیے سخت چوکسی، فول پروف حفاظتی اقدامات اور ملک دشمن عناصر کے خلاف مضبوط کاروائی کرنے پر زور دیا۔افسران سے خطاب کرتے ہوئے نلین پربھات نے واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ ملک دشمن عناصر کے ساتھ مضبوطی اور فیصلہ کن طریقے سے نمٹیں جو عوامی تحفظ، امن اور سکون کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں کے خلاف صفر رواداری پر زور دیا اور افسران پر زور دیا کہ وہ عوام دوست طرز عمل کو برقرار رکھتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کریں۔اجلاس میں سپیشل ڈائریکٹر جنرل سپیشل کوارڈی نیشن ایس جے ایم گیلانی، آئی جی پی کشمیر زون وی کے بردی،ڈی آئی جی سنٹرل کشمیر رینج راجیو پانڈے، ایس ایس پی گاندربل خلیل احمدپوسوال کے علاوہ گاندربل پولیس کے اعلی پولیس افسران موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل پولیس نے گاندربل پولیس کی کوششوں کی تعریف کی اور انہیں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے لیے ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔