عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ پی جی کالج راجوری میں قومی ترانہ وندے ماترم کی اجتماعی گائیکی کا شاندار پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں کالج کے تقریباً 450 طلباء نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر پورا کیمپس حب الوطنی کے جذبے سے سرشار نظر آیا اور طلباء کی پْراثر آوازوں نے ماحول کو قومی یکجہتی اور فخر کے احساس سے بھر دیا۔اس تقریب کا مقصد طلباء میں حب الوطنی، قومی شعور اور شہری ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کرنا تھا۔ اجتماعی گائیکی کے دوران طلباء کے چہروں پر ملک سے محبت اور احترام کا واضح اظہار دیکھنے کو ملا، جس نے پروگرام کو یادگار بنا دیا۔کالج کے پرنسپل ڈاکٹر انور شاہ نے طلباء کی نظم و ضبط، جوش اور بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوان نسل میں قومی اقدار، اتحاد اور ذمہ دار شہری بننے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ طلباء کی ہمہ جہت شخصیت کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ان میں حب الوطنی کا جذبہ بھی مضبوط کریں۔پروگرام کی کامیاب تنظیم میں نودل آفیسر پروفیسر خلیق احمد کا اہم کردار رہا، جنہوں نے تمام انتظامات کو خوش اسلوبی سے انجام دیا۔ انہوں نے طلباء کو قومی اہمیت کے حامل ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پلیٹ فارم کردار سازی اور قومی شعور کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر فیکلٹی ممبران نے طلباء کی پرخلوص اور پْرجوش شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیا جاتا رہے گا۔