عظمیٰ نیوز سروس
سندربنی//سابقہ ایم ایل سی اور جے کے پی سی سی کے چیف ترجمان رویندر شرما نے مرکز کی بی جے پی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کو بغیر کسی تاخیر کے ریاستی درجہ بحال کیا جائے کیونکہ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وہ سندربنی میں کانگریس کارکنوں کے ایک بڑے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس کی صدارت ڈی سی سی صدر راجوری اشوک شرما نے کی۔ یہ اجلاس منریگا بچاؤ سنگرام اور ہماری ریاست ہمارا حق تحریک کے تحت منعقد ہوا۔رویندر شرما نے بی جے پی اور بعض دیگر قوتوں کی جانب سے دئیے جا رہے تفرقہ انگیز نعروں کو مفاد پرستانہ سیاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اور اس کے تمام خطّوں کی وحدت، سالمیت اور شناخت انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطّوں میں تقسیم کی سیاست امن، ہم آہنگی اور مستقبل کے لئے خطرناک ہے۔ جموں صوبے کی اصل طاقت اس کی سیکولر یکجہتی اور بھائی چارہ ہے، جسے ہر حال میں برقرار رکھا جانا چاہیے تاکہ منصفانہ ترقی ممکن ہو۔انہوں نے بی جے پی کی اقتصادی و روزگار پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے بڑھتی بے روزگاری کا ذکر کیا اور منریگا کے خاتمے کو دیہی غریبوں کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا۔ ڈی سی سی صدر اشوک شرما نے بھی منریگا کے خاتمے کو غریب مخالف فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس بی جے پی کی مزدور اور غریب مخالف پالیسیوں کو بے نقاب کرتی رہے گی۔