فیاض بخاری
بارہمولہ//برفباری نہ ہونے سے ضلع بارہمولہ میں جنگلی جانوراں نے انسانی بستیوں میں آج کل ڈھیرہ جمایا ہے جس کی وجہ سے لوگو ں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اورصبح و شام کے اوقات کے دوران لوگ باہر نکلنے میں کافی ڈر محسوس کررہے ہیں ۔ ضلع کے جنگلات میں خوراک نہ ہونے سے اب بے شمارتیندوے اور ریچھ آج کل انسانی بستیوں میں نظر آرہے ہیں ۔تاہم محکمہ جنگلی حیات ان جانوروں کو پکڑنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔ شراکوارہ ، نادی ہل، جانباز پورہ ، کالے بن، چندوسہ ، کنڈی ، نلسر ، واگورہ ، بنر ، آزاد گج ، دلنہ ، زنڈفرن اور بونیار کے علاوہ بارہمولہ ضلع کے دیگر کئی علاقوں میں تیندئوں اور دیگر جنگلی جانوراں نے بستیوں کی موجودگی سے مقامی لوگوں میں کافی خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔شام ہوتے ہی ان علاقوں میں تیندوے گھوم رہے ہیں جس سے مقامی لوگ خوف زدہ ہوگئے ہیں ۔ اگر چہ متعلقہ محکمہ کئی ایک جگہوں پر ان کو پکڑنے میں کامیاب ہوئی تاہم کچھ ایک علاقوںمیں ابھی بھی کئی تیندوے گھوم رہے ہیں ۔ ضلع سے بیشتر علاقوں سے اطلاعات ہیں کہ وہاں شام ہوتے ہی تیندوے اور اور ریچھ گھومتے ہوئے نظر آرہے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں میں زبردست خوف پایا جاتا ہے تاہم محکمہ وائلڈ لائف گہری نیند میں سوئی ہوئی ہے ۔ضلع میں ابھی تک کئی بیڑ بکریوں کو ان تیندئوں نے چیڑ پھاڑ کر ہلاک کردیا ہے ۔اس سلسلے میں محکمہ جنگلی حیات کے ایک اہلکارنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ خشک سالی کی وجہ سے آج کل جنگلی جانور انسانی بستیوں کا رخ کررہے ہیں، برفباری نہ ہونے سے وہ آسانی سے بستیوں میں نظر آرہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ برفباری کے دوران مذکورہ جانور زیادہ نہیں گھوم سکتے ہیں تاہم رواں سال برف نہ ہونے کی وجہ سے ہی جانور انسانی بستیو ں میں گھوم رہے ہیں ۔