عظمیٰ نیوز سروس
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے داچھن علاقے کے پنجراری مقام پر ہفتہ کے روز ایک دلخراش سڑک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ حکام کے مطابق موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک سے پھسلتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں سوار کی فوری موت واقع ہو گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ متوفی کی شناخت عبدالمجید کے طور پر کی گئی ہے، جوٹھکری، سرونہ علاقہ ضلع کشتواڑ کا رہائشی تھا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل ایک تنگ اور خطرناک پہاڑی سڑک سے گزر رہی تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو و بازیابی کارروائی شروع کی گئی۔ کافی جدوجہد کے بعد متوفی کی لاش کو کھائی سے نکال کر قانونی و طبی کارروائی کے لئے منتقل کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے معاملے کی جانچ جاری ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے، جبکہ متوفی کے اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ مقامی لوگوں نے اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں کی حالت اور حفاظتی اقدامات پر بھی تشویش ظاہر کی۔دریں اثنا، انتظامیہ اور پولیس نے موٹر گاڑی چلانے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں خاص طور پر موسمِ سرما کے دوران احتیاط سے گاڑی چلائیں، رفتار پر قابو رکھیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، کیونکہ پھسلن اور خراب سڑکیں کسی بھی وقت جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔