کھیلوں میں سرمایہ کاری کا مطلب نظم و ضبط والے شہریوں اور پراعتماد مستقبل میں سرمایہ کاری کرنا ہے:منوج سنہا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز جموں میں ڈیپارٹمنٹ آف یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی جانب سے منعقدہ دو روزہ ’’ نیشنل لیول سپورٹس کانفرنس ایس آر آئی جے اے این ‘‘ کا افتتاح کیا ۔ یہ کانفرنس جموں و کشمیر یو ٹی میں کھیلوں کے نظام کو مزید مضبوط کرنے کیلئے قابل عمل حکمت عملیوں کی نشاندہی کرے گی ، نیشنل سپورٹس پالیسی 2025 اور جموں و کشمیر سپورٹس پالیسی 2022 کے موثر نفاذ کیلئے روڈ میپ تیار کرے گی اور ایک لچکدار اور مستقبل کیلئے تیار نسل کی تشکیل کیلئے اقدامات کو اجاگر کرے گی ۔ اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کھیلوں کو تعلیم اور ضروری زندگی کی مہارتوں سے جوڑنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب میں انضمام کے ساتھ کھیل نوجوانوں کی مکمل اور ہمہ جہت ترقی کا ایک طاقتور ذریعہ بن سکتے ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ کھیل ایک طاقتور قوت ہے جو افراد کو تشکیل دیتی ہے ، برداریوں کو متحد کرتی ہے اور قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ نوجوانوں کیلئے کھیل ایک حقیقی زندگی کا سکول ہے جو نظم و ضبط ، اقدار اور قیادت کو زندہ تجربے کے ذریعے سکھاتا ہے ۔ یہ بااختیاری ، سماجی بیداری اور معاشرے کی مجموعی ترقی کا ایک مضبوط ذریعہ ہے ۔ ‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے زور دیا کہ کھیلوں کو سیاست سے دور رکھنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی صلاحیت صرف پر امن ماحول میں ہی پروان چڑھ سکتی ہے ۔ بھارت کو حقیقی کھیلوں کی طاقت بنانے کیلئے ہمیں کھیلوں اور سیاست کو سختی سے الگ رکھنا ہو گا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سیاست کو کھیلوں میں مداخلت نہیں کرنی چاہئیے اور قابل نوجوانوں کو ان کے مستحق مواقع سے محروم نہیں کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا ’ ہمیں آگے بڑھنا ہو گا اور ایک ایسا نظام بنانا ہو گا جہاں انتخابی عمل پر کوئی شک کی گنجائش نہ ہو ۔ ‘ انہوں نے انتظامیہ کے عزم کو بھی دوہرایا کہ کھلاڑیوں کو ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا اور بنیادی سطح پر جدید ترین کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے خواتین اور نوجوانوں کا کھیلوں میں شرکت پر خاص توجہ اور مضبوط حوصلہ افزائی دینے پر زور دیا اور ان رکاوٹوں کو دور کرنے کی طرف کام کرنے کی بات کی جو انہیں پیچھے روکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی سازوں اور صنعت کے رہنماؤں کو کھیلوں کے ذریعے مواقع کی راہیں پیدا کرنی چاہئیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ کھیلوں میں سرمایہ کاری کا مطلب ہے نظم و ضبط والے شہریوں اور پراعتماد مستقبل میں سرمایہ کاری کرنا جو ملک کی تقدیر کو سنوار سکے ۔ ایک حقیقی کھیلوں کی ثقافت بنانے کیلئے ہمیں کھیلوں کو روز مرہ کی کمیونٹی زندگی کے دل میں لانا ہو گا اور کھیلوں کو تعلیم اور زندگی کے ہُنر سے جوڑنا ہو گا ۔ ‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی اس منفرد کاوش کی تعریف کی جو گورننس ، شرکت ، ایتھلیٹ ڈیولپمنٹ اور پرفارمنس کی بہترین کارکردگی میں بہترین طریقوں کے اشتراک کے ذریعے قومی کھیلوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا مقصد رکھتی ہے ۔ انہوں نے کھیلوں کے کونسلز ، فیڈریشنز ، ایڈمنسٹریٹرز اور افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک اسٹریٹجک ڈیولپمنٹ پلان تیار کریں جو خاص طور پر بین الاقوامی مقابلوں میں کارکردگی کو بلند کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہو ۔ افتتاحی تقریب میں چیف سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، پدم شری ڈاکٹر کرنم ملیسوری ( اولمپین ) وائس چانسلر دہلی اسپورٹس یونیورسٹی ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، سینئر افسران ، سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے نمائندے ، نامور کھلاڑی شخصیات ، کھیلوں کے ماہرین اور بڑی تعداد میں نوجوان شریک ہوئے ۔
رویندر رینہ نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی
جموں//سینئر بی جے پی لیڈر اور سابق ایم ایل اے رویندر رینہ نے کل لیفٹیننٹ گورنر مسٹر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ انہوں نے عوامی اہمیت کے حامل مختلف مسائل اور متعدد مذہبی مقامات کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا جن میں بابا نار سنگھ جی دیو ستھان ( لمبیری ) نوشہرہ ، منگلا ماتا مندر اور منگلا دیوی ( قلعہ اور مندر ) کو مذہبی اور بارڈر ٹورازم کے تحت اور راجوری میں لائن آف کنٹرول کے قریب پیر بدیسر شامل ہیں ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے شری کاشی ودوت پریشد کی ڈائری اور پنچانگ کلینڈر 2026 کا اجراء کیا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کل لوک بھون میں جموں و کشمیر شری کاشی ودوت پریشد کی ڈائری اور پنچانگ کلینڈر 2026 جاری کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پدم شری پروفیسر وشوا مورتی شاستری صدر جموں و کشمیر شری کاشی ودوت پریشد جموں ، ایڈیٹوریل ٹیم اور پریشد کے تمام اراکین کو ان کی ثقافتی ورثے کو فروغ دینے اور محفوظ رکھنے کی لگن کی کاوشوں پر مبارکباد پیش کی ۔ 2026 کا یہ کلینڈر ایک جامع روحانی اور ثقافتی رہنما کے طور پر تیار کیا گیا ہے جس میں مبارک اوقات ، تہواروں اور مذہبی رسومات کی معلومات شامل ہیں ۔