عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے ایم ایل اے افتخار احمد نے بدھ کے روز شہر کے مصروف ترین علاقے بیلہ چوک میں روٹری اور خوبصورتی کے ایک اہم منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا۔ یہ منصوبہ بیلہ پل کے قریب واقع چوک پر شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد نہ صرف ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہے بلکہ شہر کے اس اہم مقام کو ایک خوبصورت اور منظم شکل دینا بھی ہے۔یہ منصوبہ محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے ذریعے عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کے تحت بیلہ چوک کی تعمیر نو، روٹری کی تشکیل اور اطراف کے علاقوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد اس مقام کو جدید شہری ڈھانچے کے مطابق ڈھالا جائے گا، تاکہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے افتخار احمد نے کہا کہ بیلہ پل اور بیلا چوک راجوری شہر کے انتہائی اہم مقامات میں شمار ہوتے ہیں کیونکہ یہ علاقہ شہر کی تقریباً تمام بڑی سڑکوں اور راستوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس چوک پر دن بھر گاڑیوں کی بھاری آمد و رفت رہتی ہے، جس کی وجہ سے اکثر ٹریفک جام اور عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روٹری کی تعمیر سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی بلکہ حادثات میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہونے سے شہر کا مجموعی تاثر بھی بہتر ہوگا، جو راجوری کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ایم ایل اے نے یہ بھی بتایا کہ اس منصوبے کی تفصیلی تجویز پہلے ہی تیار کر کے متعلقہ حکام کو بھیجی گئی تھی، جسے منظوری ملنے کے بعد اب زمینی سطح پر عملی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبہ مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہری سہولتوں میں اضافہ کرے گا بلکہ راجوری کو ایک خوبصورت اور جدید شہر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔