عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر حکومت نے ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نئی دہلی انیل شرماکو جموں و کشمیر کے رہائشیوں اور اس وقت ایران میں مقیم یا زیر تعلیم طلبا کے سلسلے میں رابطہ کاری کے لیے نوڈل افسر کے طور پر نامزد کیا ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر نامزدگی کی گئی ہے۔ افسر کو وزارت خارجہ، حکومت ہند، متعلقہ سفارت خانوں اور قونصلر حکام اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کا کام سونپا گیا ہے تاکہ ایران میں جموں و کشمیر کے رہائشیوں اور طلبا سے متعلق معلومات کے تبادلے اور حفاظت، بہبود، سفری سہولت اور دیگر مسائل سے متعلق ضروری مداخلت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔