عاصف بٹ
کشتواڑ//محکمہ جنگلات نے جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر ضلع کشتواڑ کے انجولے نالہ کے قریب کننور علاقے کے قریب صبح سویرے کئے گئے مشترکہ آپریشن کے دوران قیمتی دیودار و کیل کی لکڑی کے 51سلیپر ضبط کر لیے۔مخصوص معلومات پر عمل کاروائی کرتے ہوئے مشترکہ ٹیم نے ایک سرپرائز چیک پوائنٹ قائم کیا اور گاڑی زیرنمبر JK12 A 1461کو روکا ۔ گاڑی کی چیکنگ پر اہلکاروں نے دیودار اور کیل کے 51 سلیپر برآمد کیے جنہیں بغیر اجازت یا دستاویزات کے غیر قانونی طور پر منتقل کیا جا رہا تھا۔ قانونی طریقہ کار کے مطابق لکڑی کو فوری طور پر موقع پر قبضے میں لے لیا گیا اور جرم میں ملوث گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ پولیس نے فاریسٹ ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور لکڑی کے ماخذ کا پتہ لگانے اور جنگلاتی پیداوار کی غیر قانونی کٹائی اور نقل و حمل میں ملوث تمام افراد کی شناخت کے لیے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔