عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع پونچھ میںملی ٹینسی کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے انتظامیہ نے پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں بیٹھ کر ملی ٹینسی کی سرگرمیوں کو انجام دینے والے ایک ہینڈلر کی جائیداد منڈی تحصیل کے لائن آف کنٹرول کے قریب واقع گاؤں چھمبرکناری میں ضبط کر لی ہے۔ پولیس نے اس اقدام کو ملی ٹینسی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک فیصلہ کن قانونی کارروائی قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق، یہ کارروائی عدالت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انجام دی گئی، جس کے تحت پاکستان میں مقیم ایک ملی ٹینٹ ہینڈلر کی غیر منقولہ جائیداد کو قانون کے مطابق ضبط کیا گیا۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن منڈی میں درج ایف آئی آر نمبر 07/2002 کے تحت کی گئی، جو ای اینڈ آئی ایم سی او ایکٹ کی دفعات 2 اور 3 کے تحت درج ہے۔پولیس نے بتایا کہ ضبط کی گئی جائیداد میں 10 کنال اور 14 مرلہ اراضی شامل ہے، جو خسرہ نمبر 491 کے تحت تحصیل منڈی، ضلع پونچھ میں واقع ہے۔ اس زمین کی تخمینی مالیت تقریباً 22.05 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ یہ جائیداد عبدالعزیز ولد احمدہ لون سکنہ چھمبرکناری، تحصیل منڈی کی ہے، جو اس وقت پاکستان میں بیٹھ کرملی ٹینٹ ہینڈلر کے طور پر سرگرم ہے۔پولیس کے مطابق ملزم ماضی میں غیر قانونی طور پر سرحد پار کر کے پاکستان/پی او جے کے چلا گیا تھا اور تب سے ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ مسلسل قانونی کارروائیوں سے بچنے اور عدالت میں پیش نہ ہونے کے باعث اسے عدالت نے اشتہاری مجرم قرار دیا تھا۔ پونچھ پولیس کی جانب سے متعدد کوششوں کے باوجود اس کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی، جس کے بعد عدالت نے اس کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کے احکامات صادر کئے۔عدالتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پونچھ پولیس نے محکمہ مال کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے تمام قانونی تقاضے، تصدیق اور دستاویزی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جائیداد کی ضبطی عمل میں لائی۔
پونچھ کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز کی بڑی تلاشی مہم
بھاٹہ دھوڑیاں ،لورہاکہ ،ناڑ اور سنگیوٹ علاقوں میں چوکسی
سمت بھارگو
راجوری//ضلع پونچھ کے گھنے جنگلاتی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن (CASO) جاری ہے، جس کی قیادت خود سینئر افسران کر رہے ہیں۔ اس کارروائی کا مقصد حساس علاقوں میں امن و امان کو یقینی بنانا اور ممکنہ تخریبی سرگرمیوں کو ناکام بنانا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جموں و کشمیر پولیس، اسپیشل آپریشن گروپ (SOG) اور فوج نے بدھ کی شام پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کے تحت آنے والے علاقوں بھاٹہ دھوڑیاں، لوہارکہ، ناڑ اور سنگیوٹ میں مشترکہ تلاشی مہم شروع کی۔ کارروائی دوسرے روز بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رہی۔ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی پونچھ سمیت پولیس اور دیگر فورسز کے اعلیٰ افسران موقع پر موجود رہ کر آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ علاقے کے جنگلات اور دشوار گزار راستوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو مشتبہ نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔مقامی انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تلاشی مہم کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔ انتظامیہ نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ کارروائی کے دوران عام شہریوں کی سہولت اور حفاظت کا پورا خیال رکھا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ امن و سلامتی برقرار رکھنا فورسز کی اولین ترجیح ہے اور ایسے آپریشنز کا مقصد علاقے میں امن کو برقرار رکھنا اور کسی بھی قسم کے خطرے کو بروقت ختم کرنا ہے۔ عوام نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ اس کارروائی سے علاقے میں حالات مزید بہتر ہوں گے۔