عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //دہلی ایئرپورٹ پر جمعرات کو ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا کے مسافر طیارہ کے انجن میں ایک بیگیج کنٹینر پھنس گیا۔ اس کے بعد ایئر انڈیا کے طیارہ کا انجن خراب ہو گیا۔ ایئر انڈیا کے اے-350 ایئرکرافٹ کے انجن میں کنٹینر ٹکرایا تھا، جس سے انجن کو نقصان پہنچا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کےس اتھ وائرل ہو رہی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق ایئر انڈیا کی نیویارک جانے والی اے-350 فلائٹ نے پرواز تو بھری، لیکن ایران کا ہوائی علاقہ بند ہونے کے سبب اسے نصف راستہ سے واپس دہلی لوٹنا پڑا۔ جب طیارہ دہلی میں لینڈنگ کے بعد شدید کہرے کے درمیان رَنوے پر چل رہا تھا، تبھی ایک گراؤنڈ کنٹینر اس کے داہنے انجن سے ٹکرا گیا۔
حالانکہ طیارہ محفوظ طریقے سے لینڈ کر چکا تھا اور سبھی مسافر محفوظ ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ طیارہ کو جانچ کے لیے گراؤنڈیڈ کر دیا گیا ہے۔ ایئر انڈیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارہ فی الحال پوری جانچ اور ضروری مرمت کے لیے گراؤنڈیڈ ہے، جس سے اے-350 روٹ پر کچھ ممکنہ رخنات پیدا ہو سکتے ہیں۔ کمپنی نے بتایا کہ ایران نے اپنا ہوائی علاقہ بند کر دیا تھا، جس کے سبب طیارہ کو واپس دہلی آنا پڑا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہوئی پریشانی کے لیے افسوس ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایئر انڈیا نے ایرانی ایئر اسپیس بند ہونے کے سبب جمعرات کو امریکہ کے لیے کم از کم 3 پروازیں منسوخ کر دیں۔ دہلی سے نیویارک اور نیوارک کے لیے 2۔ اس کے علاوہ ممبئی سے نیویارک کے لیے ایک پرواز کو منسوخ کر دیا۔ کمپنی نے ’ایکس‘ پر پوسٹ جاری کر کہا کہ ایرانی ایئر اسپیس بند ہونے اور مسافروں کی سیکورٹی کو دیکھتے ہوئے کچھ پروازیں رَد کی جا رہی ہیں، جن کا راستہ بدلنا فی الحال ممکن نہیں ہے۔ادھرسنگاپور جانے والی ایئر انڈیا کی ایک پرواز کو تکنیکی خرابی کے باعث جمعرات کی علی الصبح واپس قومی دارالحکومت دہلی لوٹنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے میں اے پی یو (آکزیلیری پاور یونٹ) میں آگ سے متعلق وارننگ موصول ہوئی، جس کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر پائلٹس نے پرواز کو واپس دہلی لانے کا فیصلہ کیا۔ اس پرواز میں تقریباً 190 مسافر سوار تھے۔