عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پونگل اب صرف ایک علاقائی تہوار نہیں رہا بلکہ یہ دنیا بھر میں بسنے والی تمل برادری کا عالمی تہوار بن چکا ہے، جو فطرت سے ہم آہنگ زندگی، محنت کی قدر اور شکرگزاری کے جذبے کی علامت ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز مرکزی وزیر ایل مرگن کی رہائش گاہ پر منعقدہ پونگل تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ جب زمین ہمیں اتنی نعمتیں عطا کرتی ہے تو ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کی حفاظت کریں اور قدرتی وسائل کا دانشمندانہ استعمال کریں۔مودی نے کہا کہ تمل ثقافت دنیا کی قدیم ترین زندہ تہذیبوں میں سے ایک ہے، جس میں صدیوں کی دانش، روایت اور فکری ورثہ محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا بھارت اپنی ثقافتی جڑوں سے طاقت حاصل کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور پونگل جیسے تہوار ملک میں اتحاد، اعتماد اور باہمی احترام کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تہوار فطرت، خاندان اور معاشرے کے درمیان توازن قائم رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔وزیر اعظم نے ماحولیات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب زمین ہمیں اتنا کچھ دیتی ہے تو ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس کی حفاظت کریں اور اسے سنبھال کر رکھیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں تمل برادری اور تمل ثقافت کو سنبھالنے والے لوگ بڑے جوش و خروش کے ساتھ پونگل مناتے ہیں اور ان کے درمیان آ کر انہیں فخر کا احساس ہو رہا ہے۔ مودی نے کہا کہ تمل ثقافت دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے، جس میں صدیوں کی دانش اور روایت شامل ہے جو تاریخ سے سبق لے کر مستقبل کی راہ دکھاتی ہے۔