عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل محکمہ سریکلچر جموں و کشمیر اعجاز احمد بٹ نے منگل کو محکمہ سریکلچر جموں و کشمیر کے زیر اہتمام ریشم کے کیڑوں کی پرورش کرنے والے کسانوں کے پہلے بیچ (2026)کے مطالعاتی دورے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔یہ مطالعاتی دورہ ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (HADP)کے تحت سنٹرل سلک بورڈ، حکومت ہند کے اشتراک سے منعقد کیا گیا ہے۔ اس دورے کا مقصد کسانوں کو ملک کے اہم ریشم کاری مراکز، میسور اور بنگلورو میں اپنائے جانے والے جدید طریقہ کار سے روشناس کرانا ہے تاکہ ان کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔دورے کے دوران شرکا کو ریشم کے کیڑوں کی جدید پرورش، شہتوت کی کاشت، بیج کی تیاری، بیماریوں کے انسداد اور پوسٹ ککون ٹیکنالوجی سے متعلق عملی تربیت دی جائے گی۔ اس سے کسانوں کو سائنسی بنیادوں پر کام کرنے میں مدد ملے گی اور ریشم کی پیداوار و معیار میں اضافہ متوقع ہے۔اس موقع پر اعجاز احمد بٹ نے کہا کہ مسلسل سیکھنے اور بہترین طریقہ کار اپنانے سے ریشم کے شعبے میں پائیدار ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شرکا اس دورے سے حاصل شدہ معلومات کو دیگر کسانوں تک منتقل کریں گے، جس سے جموں و کشمیر میں ریشم کی مجموعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔