عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//قومی دارالحکومت میں منگل کو درجہ حرارت میں کمی آنے سے شدید سردی کا سلسلہ جاری رہا اور فضائی معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) “انتہائی خراب” درج کیا گیا۔ دہلی کی فضائی کیفیت مزید خراب ہو کر کل “انتہائی خراب” زمرے تک پہنچ گئی۔ کل صبح 10 بجے اوسط اے کیو آئی بڑھ کر 347 ہو گیا، جبکہ پیر کو اوسط اے کیو آئی 297 درج کیا گیا تھا۔انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی ((IITM) کے مطابق آج سے جمعرات تک اے کیو آئی”انتہائی خراب” زمرے میں رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق صفدرجنگ ویدشالہ میں کل صبح کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول کے 4.4 ڈگری سیلسیس سے کم تھا۔ محکمہ کے مطابق عام طور پر 11 جنوری سے 15 جنوری کے درمیان کم سے کم درجہ حرارت تقریباً 7.4 ڈگری سیلسیس اور 16 جنوری سے 20 جنوری کے درمیان 7.6 ڈگری سیلسیس رہتا ہے۔محکمہ نے دارالحکومت میں بدھ کے لیے “یلو الرٹ” جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ آسمان صاف رہے گا۔ اس کے علاوہ شہر کے کچھ حصوں میں صبح کے وقت ہلکی سے درمیانی دھند کے ساتھ سردی کی لہر جاری رہ سکتی ہے۔شمالی ہندوستان میں شدید سردی کی لہر اور کہرا کی شدت میں اضافہ ہونے والاہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پنجاب اور ہریانہ کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جب کہ پورے شمال مغربی ہندوستان میں شدید کہرے کی کی وارننگ دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جموں ڈویژن، شمال مغربی اتر پردیش اور جنوبی اتراکھنڈ کے لیے بھی شدید کہرے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 14 جنوری کے بعدکمزور مغربی ڈسٹربنس کے اثرات سے راحت ملنے کا امکان ہے۔جب کہ بدھ کے لیے یلو الرٹ (ہوشیار رہیں) جاری کیا گیا تھا۔ پنجاب اور ہریانہ میں17 جنوری تک یلو الرٹ نافذ رہے گا۔ شمالی راجستھان اور ہریانہ کے کئی علاقوں میں شدید کہرا رہے گا، جب کہ دہلی، اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور بہار میں کہیں کہیں کہراہونے کا امکان ہے۔