عظمیٰ نیوز سروس
احمد آباد//ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے عالمی سطح پر جاری بے یقینی اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے تناظر میں بھارت کی مضبوطی اور استحکام کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں پیدا ہونے والے چیلنجز بھارت کو نقصان نہیں پہنچا سکتے کیونکہ ملک کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صورت میں ایک ناقابلِ تسخیر حفاظتی دیوار حاصل ہے۔راجکوٹ میں کچھ اور سوراشٹر خطے کیلئے منعقدہ وائبرنٹ گجرات ریجنل کانفرنس (VGRC)سے خطاب کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یہ دہائی بھارت کی شناخت بنانے والی دہائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا غیر یقینی صورتحال سے گزر رہی ہے، بھارت سیاسی استحکام اور واضح سمت کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا، دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، جغرافیائی سیاسی حالات نئے چیلنجز اور غیر متوقع ہلچل پیدا کر رہے ہیں، لیکن بھارت کے لیے اطمینان کی بات یہ ہے کہ یہ مشکلات ہمارے عوام کو متاثر نہیں کر سکتیں، کیونکہ ہمارے پاس نریندر مودی جیسی ناقابلِ شکست حفاظتی دیوار موجود ہے۔امبانی نے کہا کہ بھارت صرف مستقبل کی تیاری ہی نہیں کر رہا بلکہ اسے خود تشکیل دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کار طبقہ وزیر اعظم کے دکھائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے سوراشٹر اور کچھ جیسے خطوں کی ترقی میں بھرپور شراکت داری کر رہا ہے۔اپنے خطاب میں مکیش امبانی نے اعلان کیا کہ ریلائنس انڈسٹریز گجرات کو بھارت میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میںریلائنس گجرات میں اپنی سرمایہ کاری کو 3.5لاکھ کروڑ روپے سے بڑھا کر 7لاکھ کروڑ روپے کر دے گی۔