عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// گنڈبل سرینگر کشتی سانحہ کے تقریباً دو سال بعد جس میں8 افراد ہلاک ہوئے تھے، اتوار کے روز مقامی لوگوں نے ‘جہلم کے کنارے ریت میں ایک انسانی پائوں دیکھا۔واقعہ کے بعد گائوں میں سراسمیگی پھیل گئی اور بہت سارے لوگ جہلم کے کنارے جماع ہوگئے۔ دریا کے کنارے ریت جمع کرنے میں مصروف رہائشیوں نے انسانی پائوں دیکھا، جس کے بعد مقامی حکام کو فوری طور پر الرٹ کیا گیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے ریت کو صاف کرتے ہوئے انسانی پائوں سے مشابہہ چیز دیکھی۔ گنڈبل کے ایک دیہاتی نے کہا، “یہ پرانا اور جزوی طور پر سڑاہوا دکھائی دے رہا تھا۔” ہم نے فورا ًپولیس کو اطلاع دی۔حکام نے ابھی تک باقیات کی اصلیت کی تصدیق نہیں کی ہے جبکہ پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ علاقے میں یہ قیاس آرائیاں گہری ہیں کہ وہ شوکت احمد شیخ، 40 سالہ ترکھان کا پائوں ہوسکتا ہے، جو 16 اپریل 2024 کو کشتی الٹنے سے لاپتہ ہو گئے تھے۔