عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اکشے لبرو نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام HADPکے تحت ضلع کے کسان خدمت گھروں (KKGs) سے وابستہ افراد میں سی ایس سی بایومیٹرک کِٹس اور مائیکرو اے ٹی ایم تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈی سی آفس کمپلیکس میں منعقدہ تقریب کا مقصد دیہی سطح پر ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینا اور سرکاری خدمات، مالی لین دین اور کسان فلاحی اسکیموں کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی سرینگر نے کہا کہ یہ اقدام ضلع سرینگر کے کرشی ادھیامیوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ کسانوں کے لیے ڈیجیٹل اور مالی خدمات تک رسائی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا۔ انہوں نے ضلع میں ڈیجیٹل شمولیت اور شہری مرکوز خدمات کی گھر دہلیز پر فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔ڈی سی نے مزید کہا کہ بایومیٹرک کِٹس اور مائیکرو اے ٹی ایم کی تقسیم سے کامن سروسز سینٹر (CSC) نظام مضبوط ہوگا، جس کے ذریعے کرشی ادھیامی آدھار پر مبنی خدمات، بینکنگ سہولیات اور مختلف سرکاری خدمات عوام کو شفاف اور وموثر انداز میں فراہم کر سکیں گے۔انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ یہ اقدام مالی شمولیت کو فروغ دے گا، شفافیت میں اضافہ کرے گا، خود روزگاری کے مواقع پیدا کرے گا اور کسانوں سمیت عام لوگوں کے لیے ضروری خدمات تک رسائی کو بہتر بنائے گا۔