محتشم احتشام
پونچھ//حلقہ اسمبلی حویلی کے رکنِ اسمبلی اجاز جان نے ڈگری کالج گراؤنڈ پونچھ میں جدید جم کی تعمیر کے لئے سنگِ بنیاد رکھا۔ اس سلسلے میں ایک سادہ مگر پْروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی انتظامیہ، تعلیمی اداروں کے نمائندوں، نوجوانوں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے اجاز جان نے کہا کہ صحت مند معاشرہ ہی ترقی یافتہ سماج کی مضبوط بنیاد ہوتا ہے۔ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور انہیں جدید فٹنس سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ جم کی تکمیل سے نہ صرف ڈگری کالج کے طلباء بلکہ عام شہریوں کو بھی ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس جم میں جدید مشینری، بنیادی فٹنس آلات اور تربیت یافتہ ٹرینرز کی سہولت دستیاب ہوگی تاکہ ہر عمر کے افراد اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ ایم ایل اے نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کی تکمیل میں شفافیت، معیار اور رفتار کو اولین ترجیح دی جائے گی اور تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔مقامی شہریوں اور نوجوانوں نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ جیسے سرحدی ضلع میں صحت و فٹنس کے جدید مراکز کا قیام نہایت خوش آئند اور قابلِ تحسین قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے اور کھیل و صحت کے فروغ کو تقویت ملے گی۔کالج انتظامیہ کے نمائندوں نے بھی اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایم ایل اے اجاز جان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ ادارے کے وقار میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آخر میں ایم ایل اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ اور بہتر استعمال میں انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ پونچھ کو صحت مند اور متحرک ضلع بنایا جا سکے۔