محتشم احتشام
پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی ضلع پونچھ کے صدر گوردیپ سنگھ خالصہ نے بی جے پی دفتر پونچھ میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی، جس میں انہوں نے مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیم ’وکست بھارت جی رام جی یوجنا‘کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔پارٹی کارکنان اور مقامی عہدیداران کی معقول تعداد موجود رہی۔گوردیپ سنگھ خالصہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’جی رام جی یوجنا‘ کا بنیادی مقصد دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا، غریب اور متوسط طبقے کو معاشی طور پر مستحکم بنانا اور عوام کو خود کفیل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سماج کے ہر طبقے کی فلاح کیلئے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے، جن کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکیم خاص طور پر دیہی مزدوروں، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کے لئے نہایت سودمند ثابت ہوگی، کیونکہ اس کے تحت روزگار کے مواقع میں اضافہ، آمدنی کے ذرائع کو مضبوط بنانا اور مالی شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ خالصہ کے مطابق حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور براہ راست بینک ٹرانسفر کے ذریعے بدعنوانی کے امکانات کو کم سے کم کر دیا ہے۔بی جے پی ضلع صدر نے اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی عناصر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ’جی رام جی یوجنا‘ عوامی مفاد میں ایک انقلابی قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پونچ جیسے سرحدی اور پسماندہ ضلع کے لئے یہ اسکیم ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گی۔گوردیپ سنگھ خالصہ نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ گھر گھر جا کر عوام کو اس اسکیم کے فوائد سے آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت اور قومی ترقی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔آانہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مرکزی حکومت کی فلاحی پالیسیوں پر اعتماد کریں اور ترقی کے اس سفر میں حکومت کا ساتھ دیں، تاکہ پونچ ضلع سمیت پورے خطے کی مجموعی ترقی ممکن ہو سکے۔