عظمیٰ نیوز سروس
کالاکوٹ//رسول شاہ المعروف ننگا باجی صاحب کا 68 واں سالانہ عرس مبارک بروہی، کالاکوٹ میں نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر دور دراز علاقوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند، علماء کرام، سماجی شخصیات اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ عرس کے دوران درود و سلام، فاتحہ خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جس سے پورا ماحول روحانیت سے معمور رہا۔عرس کی مرکزی تقریب میں باجی بشرت نے خصوصی دعا کرائی جس میں ملک و خطے میں امن و امان، خوشحالی، ترقی، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ دعا کے موقع پر حاضرین نے ہاتھ اٹھا کر عالم اسلام اور پوری انسانیت کی فلاح کے لئے اللہ تعالیٰ سے رحمت اور برکت کی التجا کی۔اس روحانی اجتماع میں سابق کابینہ وزیر اور جموں و کشمیر بی جے پی کے نائب صدر چودھری ذوالفقار علی نے بھی شرکت کی جبکہ ان کے ہمراہ بی جے پی کے سینئر رہنما رویندر رینہ بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے حضرت رسول شاہ کے مزار پر حاضری دی، چادر پوشی کی اور ملک و ریاست میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے لئے دعا کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ اولیاء کرام کے عرس جیسے روحانی اجتماعات ہماری مشترکہ تہذیب، مذہبی رواداری اور صدیوں پر محیط بھائی چارے کی بہترین مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت رسول شاہ نے اپنی زندگی انسانیت، محبت اور خدمت خلق کے پیغام کے لئے وقف کر دی جس سے آج بھی معاشرہ رہنمائی حاصل کر رہا ہے۔