عظمی نیوز سروس
سرینگر// بی جے پی کے جنرل سکریٹری جموں وکشمیر اشوک کول نے جموں وکشمیر کو علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی کا موقف نہیں ہے ، یہ کسی فرد کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ہندوستان ایک اٹوٹ حصہ ہے اور بی جے پی اس خطے کو ایک اکائی کے طور پر دیکھتی ہے ۔ جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں شری ماتا ویشنو دیوی میڈیکل کالج کی منظوری منسوخ کئے جانے سے متعلق پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ‘۔ ان کا کہنا ہے کہ طلبا کو جموں وکشمیر کے مختلف میڈیکل کالجوں میں داخلے ملنے چاہئے ۔ انہوں نے جموں میں صدر کی حالیہ پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں واضح طور پر کہا گیا کہ توجہ طلبا کے کیرئر کے تحفظ پر مرکوز ہے ۔ جموں کو کشمیر سے الگ کرنے کی خبروں سے متعلق پوچھے جانے پر کول نے کہا: ‘ایسے خیالات بی جے پی کے موقف کی عکاسی نہیں کرتے ہیں، یہ کسی فرد کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے لیکن آج کی تاریخ میں بی جے پی کا موقف واضح ہے ‘۔ انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر ہندستان کا اٹوٹ حصہ ہے ، اور بی جے پی اس کو ایک اکائی کے طور پر دیکھتی ہے ، جموں الگ اور کشمیرالگ نہیں ہے ‘۔ میڈیکل کالج کی رجسٹریشن منسوخ ہونے کے بعد مذہبی شناخت کی بنیاد پر جموں وکشمیر کو نقصان پہنچنے کے الزامات کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ‘یہ معاملہ میڈیکل کونسل کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اور اس کا مذہب یا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ‘۔