عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ بھارتی کوسٹ گارڈ کے نئے آلودگی کنٹرول جہاز “سمندر پرتاپ” کی شمولیت نہ صرف خود انحصاری کے وژن کو تقویت دیتی ہے بلکہ ملک کے سیکیورٹی ڈھانچے کو بھی مزید مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے اسے پائیداری کے عزم کی عملی مثال قرار دیا۔ یہ جہاز وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے پیر کے روز کمیشن کیا۔ “سمندر پرتاپ” بھارت میں تیار ہونے والا پہلا آلودگی کنٹرول جہاز ہے اور کوسٹ گارڈ کے بیڑے میں شامل ہونے والا سب سے بڑا جہاز ہے۔ حکام کے مطابق یہ جہاز سمندری آلودگی کنٹرول قوانین کے نفاذ، سمندری قانون کی عملداری، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور بھارت کے خصوصی اقتصادی زون کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کا بنیادی مقصد سمندر میں آلودگی کے خلاف فوری ردعمل دینا ہے، جس کے لیے جدید نظام نصب کیے گئے ہیں جن میں سائیڈ سویپنگ آرمز، فلوٹنگ بومز، ہائی کیپیسٹی اسکمرز، پورٹیبل بارجز اور ایک آلودگی کنٹرول لیبارٹری شامل ہیں۔ جہاز میں بیرونی فائر فائٹنگ سسٹم بھی نصب ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی جیسے ڈائنامک پوزیشننگ، انٹیگریٹڈ برج سسٹم، پلیٹ فارم مینجمنٹ سسٹم اور آٹومیٹڈ پاور مینجمنٹ سسٹم بھی شامل ہیں، جو مشن کی کارکردگی اور خودکار نظام کو مزید مؤثر بناتے ہیں۔