محتشم احتشام
پونچھ// یومِ جمہوریہ 26 جنوری کے پیشِ نظر ضلع پونچھ میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے غیر معمولی اور سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں یہ خصوصی مہم سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ شفقت بٹ کی براہِ راست نگرانی میں جاری ہے، جبکہ عملی سطح پر اس کریک ڈاؤن کی قیادت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اظہر امین کر رہے ہیں۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے پورے ضلع میں چوکسی کی فضا قائم کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کے حساس علاقوں، داخلی و خارجی راستوں، بازاروں اور اہم عوامی مقامات پر ناکہ بندیوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
گاڑیوں کی سخت جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ شناختی دستاویزات کی مکمل تصدیق کی جا رہی ہے اور مشتبہ نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس دوران پیدل گشت کے علاوہ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے ذریعے موبائل پیٹرولنگ کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی پیشگی روک تھام ممکن ہو سکے۔انتظامیہ کے مطابق اس خصوصی مہم کا مقصد صرف سیکورٹی بڑھانا نہیں بلکہ عوام کے اندر اعتماد اور تحفظ کا احساس پیدا کرنا بھی ہے۔ پولیس اہلکاروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ عوام سے خوش اسلوبی کے ساتھ پیش آئیں اور شہریوں کی مشکلات کو کم سے کم رکھا جائے، تاہم قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کرائے داروں کی تفصیلات کی جانچ، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کی پڑتال کے علاوہ سرحدی اور اندرونی علاقوں میں انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مضبوط کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی بروقت نشاندہی ہو سکے۔ڈپٹی ایس پی اظہر امین نے اس موقع پر کہا کہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا مقصد شہریوں کو خوف میں مبتلا کرنا نہیں بلکہ انہیں ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ قومی تہوار کو پورے جوش و خروش اور اطمینان کے ساتھ منا سکیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا شخص کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا کنٹرول روم کو دیں۔ضلع پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہم 26 جنوری تک مسلسل جاری رہے گی، جبکہ حالات کے مطابق سیکورٹی انتظامات میں مزید سختی بھی کی جا سکتی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق عوامی تعاون کے بغیر کسی بھی حفاظتی منصوبے کو مکمل کامیابی نہیں مل سکتی، اسی لئے شہریوں کو بھی سیکورٹی کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔عوامی حلقوں نے پولیس کی اس پیشگی اور منظم حکمتِ عملی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یومِ جمہوریہ پونچھ میں مکمل امن، اتحاد اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا اور یہ اقدامات مستقبل میں بھی ضلع میں امن و استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوں گے۔