محمد تسکین
بانہال // محکمہ صحت میں 24سالہ طویل خدمات انجام دینے کے بعد ڈاکٹر محمد ایوب وانی ملازمت سے سبکدوش ہو گئے ہیں ۔اس موقع پر رام بن میں محکمہ صحت کے افسران، ساتھی ڈاکٹروں اور عملے کی جانب سے انہیںالوداعی تقریب دے کر ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ڈاکٹر محمد ایوب وانی نے اپنے کیریئر کا آغاز 2002میں کیا۔ ڈاکٹر ایوب وانی نے 13برس تک کنٹریکچول ڈاکٹر کے طور اسسٹنٹ سرجن کے عہدے پر خدمات انجام دیں، جس دوران وہ ایمرجنسی اور دیگر شعبہ جات کی ذمہ داریاں سنبھالتے رہے۔2013میں ان کی باقاعدہ تقرری عمل میں لائی گئی اور انہیں اپنے بنیادی محکمہ آیوش میں منتقل کیا گیا۔مقررین نے کہاکہ ڈاکٹر محمد ایوب وانی ضلع کپواڑہ کے رہائشی ہیں اور ضلع رامبن میں دو بار کی تعیناتی کے دوران ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سروس کے دوران ڈاکٹر محمد ایوب وانی نے ضلع کپواڑہ میں سات سال ، گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ میں دو سال ، ضلع رام بن کے پہلے ادوار میں گیارہ سال اور اپنی ڈیوٹی کے آخری چار سال بھی ضلع ہسپتال رامبن کے آیوش یونٹ میں اپنی خدمات کو انجام دیتے رہے۔