عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقہ مڑواہ کے بیشتر دیہات میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی یہاں کی عوام کیلئے ایک سنگین مسلہ ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے مشکلات سے دوچار ہیں۔ چند روز قبل اسی علاقے کے پاسر گائوں میں ناقص بنیادی سہولیات کی کمی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب گردش کررہی ہے جہاں ایک خاتون مریضہ کو سڑک رابطہ نہ ہونے کے سبب مقامی لوگوں نے کئی کلومیٹر برف سے دشوار راستے لمبے ڈھنڈوں کے سہارے باندھ کر کمیونٹی ہیلتھ سینٹرنواپچی پہنچایا جہاں اسکا علاج کیا جارہاہے ۔خاتون کی شناخت فاطمہ بیگم زوجہ غلام احمد لون ساکن پاسر کے طور پر کی گئی ہے ۔ 250نفوس پر مشتمل علاقہ پاسر مڑواہ کا دورافتادہ علاقہ ہے جو ضلع صدر مقام سےدو سوکلومیٹر دوری پر واقع ہے۔ علاقے کی بیشتر آبادی مزدرپیشہ ہے اورتازہ برفباری کے بعد عوام گھروں میں محصور ہوکررہ گئی ہے ۔ چند روز قبل مڑواہ میں ہوئی تازہ برفباری کے بعد علاقے کو جوڑنے والی واحد سڑک آمدورفت کیلئے بند پڑی ہوئی ہے۔گزشتہ ماہ علاقے میں مواصلاتی نظام کے شروع ہونے کے بعد سماجی رابط ہ گاہ فیس بک پر ایک مقامی نوجوان کی جانب سے ویڈیو پوسٹ کی گئی جسمیں ایک مریض خاتون کو کندھوں پر اٹھاکر ہسپتال منتقل کیا جارہاہے۔یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بے شمار مریضوں نے علاج میسر نہ ہونے کے سبب ان علاقوں میں اپنی جانیں گنوادی ہیں۔ شیخ مزمل نامی نوجوان نے بتایا کہ علاقے میں سڑک کی عدم موجودگی کے باعث کسی بھی قسم کی گاڑی کا آنا جانا ممکن نہیں اور لوگوں کو مریضہ کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر طویل فاصلہ طے کرکے ہسپتال منتقل کرنا پڑا،اگرچہ سڑک کی تعمیر کولیکر ہزاروں وعدے کیے گئے لیکن زمینی سطح پر آج تک کوئی بھی ٹھوس پیش رفت نہ ہوئی۔ اس وائرل ویڈیو سے انتظامی و سیاسی نمائندوں کی توجہ مبذول ہوئی۔ایم ایل اے اندروال پیارے لال شرما نے بتایا کہ اس سڑک کوپردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت منظوری مل چکی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مارچ ماہ میں سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔