عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// نجی شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے اہم خبر ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف)اسکیم میں تنخواہ کی حد پر نظر ثانی کرنے کے بارے میں چار ماہ کے اندر فیصلہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حد پچھلے 11 سالوں سے برقرار ہے۔سپریم کورٹ کی بنچ جس میں جسٹس جے کے مہیشوری اور اے ایس چندورکر نے پیر کو یہ حکم سماجی کارکن نوین پرکاش نوٹیال کی طرف سے دائر درخواست پر جاری کیا۔ درخواست میں استدلال کیا گیا کہ ای پی ایف اسکیم 15,000 سے زیادہ کی ماہانہ تنخواہ والے ملازمین کو خارج کرتی ہے، جس سے ملازمین کی بڑی تعداد سماجی تحفظ اور پراویڈنٹ فنڈ کے فوائد سے محروم ہے۔درخواست گزار وکلا پرناو سچدیوا اور نیہا راٹھی نے عدالت کو بتایا کہ کئی ریاستوں میں کم از کم اجرت اب موجودہ ای پی ایف کی حد سے زیادہ ہے، پھر بھی اس حد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ درخواست میں استدلال کیا گیا کہ گزشتہ 70 سالوں میں اجرت کی حد میں نظرِ ثانی اکثر من مانی رہی ہے اور معاشی اشارے جیسے مہنگائی، کم از کم اجرت یا فی کس آمدنی کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی ہے۔سپریم کورٹ نے عرضی گزار کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر مرکزی حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کرے، جس کے بعد حکومت کو چار ماہ کے اندر فیصلہ لینے کی ضرورت ہوگی۔ پٹیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ 2022 میں ای پی ایف او کی ایک ذیلی کمیٹی نے اجرت کی حد بڑھانے اور اسکیم میں مزید ملازمین کو شامل کرنے کی سفارش کی تھی۔ اس سفارش کو مرکزی بورڈ نے منظور کیا تھا، لیکن حکومت نے آج تک کوئی کارروائی نہیں کی۔عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پچھلی تین دہائیوں میں ای پی ایف اسکیم کی اجرت کی حد سے پہلے کی نسبت کم ملازمین کو فائدہ پہنچا ہے۔ اگرچہ یہ پہلے 30 سالوں کے لیے ایک جامع اسکیم تھی، اب یہ مزید کارکنوں کو باہر کرنے کا ایک ذریعہ بن گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے اس حکم سے امید پیدا ہوتی ہے کہ مرکزی حکومت جلد ہی اجرت کی حد پر نظر ثانی کرے گی اور لاکھوں کارکنوں کو سماجی تحفظ کے فوائد میں توسیع کرے گی۔