یو این ایس
سرینگر//سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک، سرینگر سٹی، اجاز احمد نے منگل کے روز کار ڈیلروں اور دکانداروں کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سرینگر شہر کی سڑکیں کاروباری مقاصد یا طویل المدتی پارکنگ کے لیے استعمال نہیں کی جا سکتیں۔ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کار ڈیلر غیر قانونی طور پر سڑکوں پر گاڑیاں نمائش کے لیے کھڑی کر رہے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سڑکوں پر نمائش کے لیے رکھی گئی تمام گاڑیاں ضبط کی جائیں گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے دکانداروں کو بھی متنبہ کیا کہ وہ اپنی گاڑیاں پورے دن کے لیے دکانوں کے باہر کھڑی نہ کریں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ دکانداروں کو چاہیے کہ وہ مخصوص پارکنگ مقامات استعمال کریں یا پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے اپنی دکانوں تک پہنچیں۔ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دکانداروں اور خریداروں کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خریدار مختصر وقت کے لیے رک سکتے ہیں، خریداری کر کے فوراً روانہ ہو جائیں، تاہم دکانداروں کو طویل عرصے تک سڑک پر گاڑی کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ٹریفک چالانوں سے متعلق عوامی خدشات پر وضاحت کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ ٹریفک پولیس محض موبائل تصاویر کی بنیاد پر چالان جاری نہیں کرتی بلکہ اس کے لیے باقاعدہ قانونی طریقہ کار اپنایا جاتا ہے اور بیشتر معاملات میں موقع پر ہی کاغذی چالان جاری کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سرینگر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔