سمت بھارگو
راجوری//تاریخی مغل روڈ کو اتوار کی صبح ایک بار پھر ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بحال کر دیا گیا ہے، تاہم حکام نے مسافروں اور ڈرائیوروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کی نقل و حرکت کے اوقات محدود کر دئیے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق مغل روڈ پر گاڑیوں کو دن بھر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ صرف چار گھنٹوں کے مخصوص وقت میں ہی آمدورفت ممکن ہوگی۔حکام کے مطابق صبح اور شام کے اوقات میں شدید پھسلن کے باعث حادثات کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، اسی لئے دن بھر ٹریفک کی اجازت دینے کے بجائے اوقات محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ خراب موسمی حالات اور برف باری کے باعث مغل روڈ گزشتہ جمعرات سے تین دن تک بند رہا تھا، جس کی وجہ سے پونچھ اور شوپیاں کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح سڑک کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لئے عارضی طور پر بحال کیا گیا اور گاڑیوں کو آمدورفت کی اجازت دی گئی تاہم پیر کے روز معمول کی ٹریفک کی اجازت موسمی صورتحال، سڑک کی حالت اور بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی جانب سے گرین سگنل ملنے سے مشروط ہوگی۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مغل روڈ پر گاڑیوں کو صرف چار گھنٹوں کیلئے اجازت دی جائے گی۔ یہ گاڑیاں چندی مڑھ (بفلیاز) سے شوپیاں کی جانب اور ہیروپورہ (شوپیاں) سے پونچھ کی سمت صبح10:30بجے سے دوپہر 2:30بجے تک چل سکیں گی۔ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت کے بعد کسی بھی گاڑی کو مغل روڈ پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل تازہ ٹریفک ایڈوائزری حاصل کریں اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔