سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع میں دریاؤں اور ندی نالوں کو بڑھتی ہوئی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے ایک اہم اور قابلِ ستائش قدم اٹھاتے ہوئے شہر کے مختلف پلوں پر اسٹیل کے مضبوط کیج (پنجرے) نصب کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پلوں سے براہِ راست دریاؤں میں کچرا پھینکنے کے رجحان پر مؤثر روک لگانا ہے، جو گزشتہ کچھ عرصے سے ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا تھا۔شہری علاقوں میں بے تحاشا کچرا تلف کرنے اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث راجوری کے آبی ذخائر شدید متاثر ہو رہے تھے۔ گھریلو اور تجارتی سطح پر پیدا ہونے والا کچرا بڑی مقدار میں ندی نالوں اور دریاؤں میں پھینکا جا رہا تھا، جس سے نہ صرف پانی آلودہ ہو رہا تھا بلکہ انسانی صحت، آبی حیات اور ماحولیات کو بھی شدید خطرات لاحق تھے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق پلوں کے کناروں پر اسٹیل کیج نصب کرنے کا مقصد لوگوں کو جسمانی طور پر کچرا پھینکنے سے روکنا ہے، تاکہ پانی کے قدرتی بہاؤ میں رکاوٹ نہ آئے اور آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ یہ قدم دریاؤں کی بحالی اور تحفظ کی سمت ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راجوری، ابھیشیک شرما نے خود شہر کے مختلف پلوں کا دورہ کر کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کام کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف انتظامی اقدامات کافی نہیں بلکہ عوامی تعاون بھی بے حد ضروری ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں اور کچرا مقررہ جگہوں پر ہی ڈالیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیات کے تحفظ میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتظامیہ کے اس اقدام کو شہری حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس سے راجوری کے دریاؤں کو آلودگی سے بچانے میں مدد ملے گی اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف پانی کے وسائل محفوظ رہیں گے۔