محمد تسکین
بانہال// لوگوں کی طرف سے بارشوں اور برفباری کا انتظار انتظار ہی رہ گیاہے اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے باوجود جمعرات کی شام تک بھی بارشوں کا ایک قطرہ بھی زمین کی طرف نہیں آیا تھا تاہم پوری وادی چناب کے علاقوں میں مطلع ابروآلود ہے اور کشتواڑ ضلع کے مڑواہ اور واڑون کی دور پہاڑوں پر ہلکی بارشیں اور برفباری کے کئی ادوار ہوئے ہیں۔ جمعرات کو قریب روز بھی وادی چناب کے علاقوں میں مطلع ابروآلود رہا تاہم بادلوں کا یہ موسم بارشوں یا برفباری میں تبدیل نہیں ہو سکا ہے۔ عام لوگ خاص کر زمینداروں نے بارشوں اور برفباری سے ایک آس باندھ رکھی تھی۔ بارشوں کی کمی کی وجہ سے چشموں ، ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بہت کم ہوگئی جبکہ بارشوں کے نہ ہونے اور مسلسل خشک سالی کی وجہ سے بوئے گئے گندم ، گھاس ، سرسوں اور سبزیوں کے بیجوں اور فصلوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ دس جنوری تک کسی بڑی برفباری یا بارشوں کی توقع نہیں ہے اور اس نئی پیشنگوئی نے برفباری اور بارشوں کے منتظر لوگوں کو مایوس کر دیا ہے۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور جمعرات کی شام تک ہزاروں کی تعداد میں مال ، مسافر اور ایندھن بردار گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا۔